Aaj News

بدھ, اکتوبر 30, 2024  
26 Rabi Al-Akhar 1446  

بارڈر سکیورٹی فورس کا باورچی 70 ہزار ڈالر افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار

قبل ازیں، ایک انسپکٹر اور سپاہی کو بھی ڈالر افغانستان اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا
شائع 17 مارچ 2024 07:43pm

کسٹم حکام نے طورخم پر بارڈر سیکیورٹی فورس کے باورچی سے70 ہزار امریکی ڈالر برآمد کر لیے۔

حکام کے مطابق کسٹم ڈپارٹمنٹ کے ایک سپاہی نے بارڈر سیکیورٹی فورس کے آفیشل میس کے باورچی زکریا کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ بارڈر زیرو کراسنگ پوائنٹ پر امریکی ڈالروں سے بھرے دو پیکٹ ایک نامعلوم افغان شہری کے حوالے کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان شہری واپس اپنے ملک فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا لیکن زکریا کو حراست میں لے لیا گیا اور اس کے قبضے سے 70 ہزار ڈالر برآمد کر لیے گئے۔

حکام کا کہنا تھا کہ یہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں کہ طورخم میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ملازم کس طرح کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث ہوا۔

گزشتہ چند دنوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں کوئی سرکاری اہلکار کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث پایا گیا ہے، کیونکہ کسٹم حکام نے اپنے ہی عملے کے دو ارکان ایک انسپکٹر اور ایک سپاہی کو امریکی ڈالر افغانستان اسمگل کرنے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

بعد ازاں دونوں مقدمات کو تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حوالے کر دیا گیا۔

Pakistan Afghanistan Border

Dollar Smuggling

CUSTOMS DEPARTMENT

Border Security Force

Cook Arrested