Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں بیٹے کی پیدائش

والد کے مطابق ماں اور بچہ دونوں صحتمند ہیں
شائع 17 مارچ 2024 12:39pm

آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے ہاں نومولود بچے کی پیدائش پر والدین کی مداحوں کو مبارکباد، والد بلکور سنگھ نے بچے کی تصویر سوشل میڈیا پر شئیر کر دی ہے۔

معروف بھارتی مقتول گلوکار شبھدیپ سنگھ سدھو المعروف سدھو موسے والا کے قتل کے بعد والدین بیٹے کو انصاف دلانے کے لیے سب کی توجہ حاصل کر رہے تھے، تاہم اب نومولود کی پیدائش کے بعد بھی سب کی توجہ سمیٹ رہے ہیں۔

والد بلکور سنگھ نے بیٹے کی پیدائش سے متعلق اتوار کی صبح انسٹاگرام پر پوسٹ اپلوڈ کی تھی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ گھر میں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

جبکہ مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’سدھو موسے والا کے لاکھوں مداحوں کی دعاؤں سے خدا نے ہمیں اس کا چھوٹا بھائی عطا کیا ہے‘۔

والد کے مطابق ماں اور بچہ دونوں صحتمند ہیں، جبکہ نیک خواہشات پر سب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے اس سے قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ آنجہانی گلوکار کی والدہ آئی وی ایف ٹریٹمنٹ کے ذریعے ماں بننے والی ہیں، 58 سالہ والدہ کے ہاں یہ دوسری اولاد ہے۔

دوسری جانب گزشتہ ہفتے والد بلکور سنگھ نے میڈیا پر چلنے والی اس خبر کی بھی تردید کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ جو بھی خبر ہوگی، فیملی مداحوں سے شئیر کرے گی۔

میڈیا پر خبر وائرل تھی، جس کے مطابق سدھو موسے والا کی والدہ چرن کور سنگھ نے جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے۔

آنجہانی گلوکار کو 29 مئی 2022 کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، اس واقعے میں گلوکار کی گاڑی پر 30 گولیاں برسائی گئی تھیں، واقعے میں گلوکار موقع پرہلاک ہو گئے تھے، جبکہ ساتھی شدید زخمی ہوا تھا۔

Instagram

Parents

Sidhu Moosewala

Newborn Baby