Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسکاٹ لینڈ: نماز پڑھ کر گھر جاتے 13 سالہ بچے پر چاقو سے حملہ

بچے کی پیٹھ اور پورا جسم تیز دھار آلے سے کاٹے جانے کے باعث زخمی ہے
شائع 16 مارچ 2024 09:44pm

اسکاٹ لینڈ میں 13 سالہ پاکستانی نژاد بچے کو نامعلوم شخص نے چاقو کے وار کرکے شدید زخمی کردیا۔

برطانوی اخبار ”دی مرر“ کے مطابق بچے پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ گلاسگو کے علاقے کوئنز پارک کی مسجد سے مغرب کی نماز پڑھ کر گھر جارہا تھا۔

ٹوپی پہنے متاثرہ بچے کو خون میں لت پت پڑا پاکر پولیس نے مقامی اسپتال منتقل کیا، پولیس کلے مطابق بچے کی حالت تشویش ناک لیکن مستحکم ہے۔

متاثرہ خاندان کی فیملی فرینڈ علیشا نتیومبا نے بتایا کہ پولیس پارک کے آس پاس موجود سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

علیشا نے کہا کہ ’بچہ شدید زخمی ہے، اس کی پیٹھ اور پورا جسم تیز دھار آلے سے کاٹے جانے کے باعث زخمی ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ایک گہرا کٹ اس کے پھیپھڑوں تک چلا گیا ہے۔ اسے ایک خاندان نے خون میں لت پت دیکھا جس نے پولیس اور ایمبولینس کو بلایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بچہ اسپتال میں ہے جہاں اس کی متعدد سرجری ہوں گی۔ وہ شدید درد اور صدمے میں ہے۔‘

واقعے کے حوالے سے پولیس ترجمان سارجنٹ اسٹیفن پامر نے کہا کہ فورس حملے کی تفصیلات سے پردہ اٹھانے کے لیے ”وسیع تفتیش“ کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ، ’افسران آس پاس کے علاقے سے سی سی ٹی وی فوٹیج اکٹھا کر رہے ہیں اور گھر گھر انکوائری بھی کی جا رہی ہے۔‘

ان کا کہناتھا کہ ’ہمیں یقین ہے اس وقت علاقہ بھیڑ بھاڑ والا تھا اور میں کسی بھی پرائیویٹ سی سی ٹی وی، ڈیش کیم، ڈور بیل، یا کسی اور فوٹیج کے ساتھ کسی سے بھی بات کرنے کا خواہاں ہوں جو ان کے خیال میں انکوائری میں مدد کرے گا۔‘

glasgow

13 Years Old Boy

Attack on Muslim boy