Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

’بھائی پی کر مت کیا کرو‘، سلمان خان شدید تنقید کی زد میں، ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنی پڑگئی

'گھجنی کے ڈائریکٹر کی سنگت کا تو اثر نہیں؟'
شائع 14 مارچ 2024 09:38pm

عامر خان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کی ہدایت کاری میں بنائی گئی تازہ ترین فلم ”لاپتا لیڈیز“ کی تعریف کرنا سلمان خان کو مہنگا پڑگیا، سلمان خان پر اتنی تنقید کی گئی کہ مجبوراً انہوں نے اپنا ٹوئٹ حذف کرکے ایک نیا ٹوئٹ کیا۔

سلمان خان نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ’ابھی ابھی کرن راؤ کی لاپتا لیڈیز دیکھی ۔ واہ واہ کرن۔ میں واقعی اس سے لطف اندوز ہوا اور میرے والد نے بھی اسے پسند کیا۔ بطور ڈائریکٹر آپ کی پہلی شروعات پر مبارکباد، شاندار کام۔ میرے ساتھ کب کام کریں گی؟‘۔

سلمان خان نے ابتدائی طور پر درج بالا ٹوئٹ کی، لیکن وہ بھول گئے کہ یہ کرن راؤ کی ہدایتکاری میں بننے والی پہلی فلم نہیں تھی، اور اس کی نشاندہی سوشل میڈیا صارفین نے بھی اپنے اپنے انداز میں کی، یہاں تک کہ ایک صارف نے یہ بھی کہہ دیا کہ نشے میں ٹوئٹ نہ کیا کریں۔

خیال رہے کہ کرن راؤ نے ہدایتکاری میں اپنا ڈیبیو 2010 میں ”دھوبی گھاٹ“ سے کیا تھا جس میں پرتیک ببر، مونیکا ڈوگرا، کریتی ملہوترا اور عامر خان تھے۔

مزے کی بات یہ ہے کہ 2010 میں سلمان نے بھی دھوبی گھاٹ کی پارٹی میں شرکت کی تھی اور ایک سوشل میڈیا صارف نے اپنی پوسٹ میں 12 سال پرانی یہ خبر بھی شیئر کی۔

آن لائن نشاندہی پر سلمان خان نے اپنا ٹویٹ ڈیلیٹ کیا اور درست معلومات کے ساتھ دوبارہ پوسٹ کی، لیکن اس میں انہیں تقریباً 24 گھنٹے لگے۔

سلمان خان نے نئے ٹوئٹ میں لکھا، ’ابھی ابھی کرن راؤ کی لاپتا لیڈیز دیکھی ۔ واہ واہ کرن۔ میں واقعی اس سے لطف اندوز ہوا اور میرے والد نے بھی اسے پسند کیا۔ شاندار کام، میرے ساتھ کام کب کریں گی؟‘

سلمان کے تازہ ٹوئٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا، ’جتنی بار آپ نے دیکھی، اُتنی بار تو کرن راؤ نے نہیں دیکھا تھی‘۔

ایک اور صارف نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’بھائی نے ”ڈیبیو ڈائریکٹر“ کے ساتھ آخری ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی اور دوبارہ پوسٹ کیا، بھائی پی کر ٹوئٹ مت کیا کرو۔‘

ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’کتنی بار دیکھیں گے بھائی؟ کل بھی دیکھی تھی آج پھر سے دیکھ لی کیا؟ کہیں گھجنی کے ڈائریکٹر کی سنگت کا تو اثر نہیں؟ یا پی آر کے پیسے مل رہے ہیں؟‘

Salman Khan

KIRAN RAO

Laapata Ladies

Deleted Tweet