Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہالینڈ کے انتہا پسند لیڈر وزیر اعظم بننے کی امید ہار بیٹھے

نومبر کے الیکشن میں گیئرٹ ولڈرز کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت نے سب سے زیادہ نشستیں لی تھیں۔
شائع 14 مارچ 2024 10:27am

انتہائی اسلام دشمن موقف کے حوالے سے بدنام ہالینڈ کے انتہائی دائیں بازو کے لیڈر گیئرٹ وِلڈرز اب وزیر اعظم بننے کی امید چھوڑ بیٹھے ہیں۔

گیئرٹ وِلڈرز فریڈم پارٹی کے لیڈر ہیں جس نے گزشتہ انتخابات میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری تھی۔ اس پر یورپ کے سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی تھی۔

گیئرٹ وِلڈرز کا کہنا ہے کہ اب انہیں وزیر اعظم کے منصب تک پہنچنے کی امید نہیں کیونکہ ممکنہ پارٹنرز نے ان کی حمایت کرنے سے انکار کردیا تھا۔

ایک ایکس پوسٹ میں گیئرٹ وِلڈرز نے کہا کہ وزیر اعظم کے منصب تک میرا پہنچنا اُسی وقت ممکن ہے جب مخلوط حکومت میں شامل تمام جماعتیں میری حمایت کریں جبکہ ایسا ہے نہیں۔

گیئرٹ وِلڈرز کا کہنا ہے کہ میرے لیے میرے اپنے منصب سے کہیں بڑھ کر وطن اور اہلِ وطن ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ میں ایک نہ ایک دن وزیر اعظم ضرور بنوں گا۔ اچھا ہے کہ یہ کام عوام کی براہِ راست حمایت کے ذریعے ہو۔

150 نشستوں کی پارلیمنٹ میں پی وی وی 37 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری تھی تاہم سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکامی کے باعث وہ وزارتِ عظمٰی تک نہیں پہنچ پارہی۔ وہ تین اتحادی جماعتوں کے ساتھ مخلوط حکومت کے لیے چار ماہ سے بات چیت کر رہی ہے۔

Coalition government

Holland

Geert Wilders

FAR RIGHT PARTY