Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

رمضان المبارک میں عمرہ زائرین کے مسجد الحرام میں داخلے اور نکلنے کیلئے گیٹ مختص

ماہ مبارک میں عمرہ زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔
شائع 13 مارچ 2024 09:44am

مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی دیکھ بھال سے متعلق جنرل اتھارٹی نے ماہ رمضان میں مکہ مکرمہ کی جامع مسجد میں عمرہ زائرین کے داخلے اور اخراج کے لیے مخصوص دروازے مقرر کر دیے۔

یہ فیصلہ مقدس ماہ کے آغاز کے ساتھ ہی سامنے آیا ہے جہاں روایتی طور پر عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔

عمرہ زائرین کو شاہ عبدالعزیز گیٹ، شاہ فہد گیٹ، عمرہ گیٹ اور السلام گیٹ کے ساتھ ساتھ گراؤنڈ فلور پر مخصوص دروازوں کے ذریعے مسجد الحرام تک رسائی حاصل ہوگی۔

اتھارٹی کی جانب سے مسجد کے احاطے میں ہموار نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لئے مختلف خارجی راستے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سائیڈ کراسنگ، سیڑھیاں اور مخصوص دروازے شامل ہیں جن میں ہنگامی حالات کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔

یہ انتظامات مسجد کے مختلف حصوں بشمول گراؤنڈ، پہلی، دوسری منزل اور چھت تک پھیلے ہوئے ہیں جن سے خصوصی ضروریات کے حامل افراد کی رسائی کو یقینی بنایاجاسکتا ہے۔

دروازوں اور خارجی راستوں کی تقسیم کا مقصد زائرین کے رش کو ہموار کرنا اور اس مقدس فریضے کے دوران ان کا مجموعی تجربہ بہتر بنانا ہے۔

یہ فیصلہ مسجد الحرام کے اندر کام کرنے والی مختلف سرکاری ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تعاون سے کیا گیا۔

واضح رہے کہ مملکت کے اندر اور دنیا بھرسے لاکھوں زائرین کی آمد متوقع ہے، اس حوالے سے سعودی حکام کی جانب سے تمام نمازیوں کے آرام اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے جامع تیاریاں کی جارہی ہیں۔

Saudi Arabia

Umrah pilgrims

umrah

Grand Mosque

Designated gates