گینگ وار دُلہے کی شادی میں پولیس سیکیورٹی دینے پہنچ گئی
بھارت کے مشہور گینگ وار سندیپ المعروف کالا جتھیڈی کی شادی میں سیکیورٹی دینے دلی پولیس پہنچ گئی، گینگسٹر کی شادی دھوم دھام سے انجام پائی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دلی کے علاقے دوارکا کے مقامی بینکوئٹ میں گینگسٹر سندیپ اور انورادھا چوہدری عرف میڈم مینز کی شادی انجام پائی ہے۔
اس موقع پر دلی پولیس نے بینکوئٹ کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے ہوئے تھے۔
یہ بینکوئٹ گینگسٹر سندیپ کے وکیل کی جانب سے 51 ہزار بھارتی روپے میں بُک کرایا گیا تھا، ذرائع کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے دلی پولیس نے سخت سیکیورٹی انتطامات کیے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گینگسٹر سندیپ پر ایک وقت تھا، جب ان کے سر کی قیمت 7 لاکھ بھارتی روپے رکھی گئی تھی، واضح رہے گینگسٹر کو دلی کی کورٹ نے 6 گھنٹے کے پے رول پر شادی میں شرکت کی اجازت دی تھی۔
اس حوالے سے بینکوئٹ کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا، جبکہ پولیس اور کمانڈوز کے 250 سے زائد جوان بھی تعینات کیے گئے تھے۔
واضح رہے اس سے قبل بھی گینگسٹر سندیپ ہریانہ پولیس کی حراست سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا، جبکہ دلی پولیس کو بھی چکما دینے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ دلہے میاں اس وقت تیہار جیل میں اپنی سزا کاٹ رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں پولیس افسر کا کہنا تھا کہ مجرم اس سے قبل ہریانہ پولیس کی کسٹڈی سے فرار ہو چکا ہے، وہ 2020 میں فرید آباد کورٹ سے قصور وار ٹھہرا تھا۔ جبکہ اس کی گینگ نے پولیس کو گھیرے میں لے کر سندیپ کو فرار کرایا تھا۔
دوسری جانب 2021 میں بھی مجرم دلی کے جی ٹی بی اسپتال سے ساتھیوں کی مدد سے فائرنگ کے دو طرفہ واقعے میں دلی پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو چکا ہے۔
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ہم اس مرتبہ ایسے کسی واقعے کو نہیں ہونے دینا چاہتے تھے، یہی وجہ تھی کہ سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔
Comments are closed on this story.