Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ کی 9 رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا، قلمدان بھی سونپ دیے گئے

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کابینہ ارکان سے حلف لیا
اپ ڈیٹ 12 مارچ 2024 07:15pm

سندھ کی 9 رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کابینہ ارکان سے حلف لیا۔

حلف اٹھانے والوں میں شرجیل میمن، ڈاکٹر عذرا پیچوہو، ناصر حسین شاہ، سید سردار علی شاہ، سعید غنی، جام خان شورو، ضیا لنجار، سردار محمد بخش خان مہر اور علی حسن زرداری شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 3 مشیر نجمی عالم، بابل بھیو اور احسان مزاری بھی کابینہ کا حصہ ہیں۔

سندھ کابینہ کا حصہ بننے والے ذوالفقار شاہ حلف برداری تقریب میں اسلام آباد سے کراچی نہ پہنچ سکے ذوالفقار شاہ کل صبح حلف لیں گے، نوٹیفیکشن آج جاری کیا جائے گا۔

قلمدان سونپ دیے گئے

سندھ کابینہ کی تشکیل کے بعد وزراء اور مشیران کو قلمدان بھی تفویض کردیے گئے ہیں۔

شرجیل میمن کو محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اور محکمہ ایکسائز اور نارکوٹکس کا قلمدان دیا گیا ہے۔

ڈاکٹرعذراپیچوہو کو محکمہ صحت اور بہبود آبادی کی وزارت دی گئی ہے۔

ناصر حسین شاہ کو محکمہ توانائی اور ترقیات کا قلمدان سونپ دیا گیا۔

سردارعلی شاہ کو محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز ڈیویلپمنٹ کا قلمدان دیا گیا۔ سعید غنی کو محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ رورل ڈیویلپمنٹ کا قلمدان سونپا گیا۔

جام خان شورو کو محکمہ آبپاشی اور محکہ خوراک کا وزیر بنایا گیا۔

ضیاء الحسن کو محکمہ داخلہ اور کرمنل پروسیکیوشن کے قلمدان تفویض کیے گئے۔

علی حسن زرداری کو جیل خانہ جات کا قلمدان سونپ دیا گیا، اللہ بخش ڈنو خان بھایو کو محکمہ فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف کا مشیر مقرر کیا گیا جبکہ احسان الرحمان مزاری کو محکمہ انٹر پروونشل کو آر ڈینیشن کا مشیر مقرر کردیا گیا۔

اس سے قبل پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سندھ کابینہ کی تشکیل کے لیے اسلام آباد میں مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی کابینہ کے ارکان کے ناموں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شریک ہوئے، کابینہ ارکان کے ناموں پر صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی مشاورت کی گئی۔

صوبائی کابینہ کی تشکیل میں تاخیر کیوں ہوئی؟

پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق سندھ کی صوبائی کابینہ کے اب تک نہ بننے کی اہم وجوہات صدر مملکت اور سینٹ کے انتخابات تھے، اب چونکہ اب آصف علی زرداری صدر مملکت بن چکے ہیں لہٰذا پیپلز پارٹی کی واحد مصروفیت سینیٹ کی خالی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن ہیں جو اب 14 مارچ کو ہوں گے، تاہم ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ کے ابتدائی 10 ارکان آج حلف اٹھا لیں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کابینہ کے معاملے پر دیر اس لیے ہوئی کیونکہ پارٹی کو دیگر اہم معاملات پر بھی اپنی توجہ مرکوز رکھنا تھی۔

بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کی صوبائی کابینہ بننے میں تاخیر کی وجہ صرف اور صرف آصف علی زرداری کی حلف برداری تھی۔ ان کی حلف برداری ہو چکی ہے لہٰذا آج کابینہ کا اعلان ہونے کا امکان ہے، کابینہ کے ارکان آج ہی عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نئی سندھ کابینہ میں صرف 2 یا 3 نئے چہروں کے علاوہ لگ بھگ وہی تمام پرانے چہرے نظر آئیں گے۔

CM Sindh

Murad Ali Shah

karachi

takes oath

PPP

sindh cabinate

Pakistan People's Party (PPP)