Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملتان: 3 منزلہ رہائشی عمارت منہدم، بچے و خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق

2 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمی نشتراسپتال منتقل
اپ ڈیٹ 12 مارچ 2024 09:05pm
فوٹو۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔ اسکرین گریب

ملتان کے علاقے سبیل چوک کے قریب 3 منزلہ خستہ حال رہائشی عمارت گرگئی، جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔ جب کہ ڈپٹی کمشنر ملتان نے اطراف کی عمارتوں کی فزیکل انسپکشن کیلئے ٹیکنیکل ٹیم بھی تشکیل دے دی۔

عمارت گرنے کا واقعہ رات گئے پیش آیا۔

ریسکیو عملہ موقع پر پہنچا اور ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا۔ریسکیو ورکرز نے ملبے سے نکالے گئے زخمیوں کو نشتراسپتال منتقل کیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین اور بچہ بھی شامل ہے۔رہائشی عمارت گرنے کے بعد پولیس بھی موقع پر پہنچی۔ابتدائی طور پر عمارت گرنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔

سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جاں بحق ہونے والوں کی تدفین پاک مائی قبرستان میں کی گئی۔

عینی شاہدین

عینی شاہدین کا کہنا ہے جس وقت عمارت گری وہ سحری کا وقت تھا۔

اس حوالے سے عینی شاہدین نے مزید بتایا کہ پہلے دھماکے کی آواز سنائی دی اور اس کے بعد فضاء میں مٹی و گرد پھیل گئی، اور پھر ریسکیو ورکز کو ہیلپ کے لئے طلب کیا گیا۔

اطراف کی عمارتوں کی فزیکل انسپکشن

واقعہ کے بعد ڈپٹی کمشنر کیپٹن رضوان قدیر نے واقعے کے محرکات کی مکمل انکوائری کروانے کیساتھ ساتھ اطراف کی عمارتوں کی فزیکل انسپکشن کیلئے ٹیکنیکل ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔

جاں بحق افراد اور زخمیوں کی شناخت

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر ڈاکٹر کلیم اللہ کے مطابق ملتان کے علاقے سبیل چوک کے قریب تین منزلہ عمارت کے گرنے کی اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمارت گرنے کے سبب مجموعی طور پر 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو شدید زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ جاں بحق افراد میں دانش، امیر علی، وسیم، ضیعغم عباس، عبداللہ، صنوبر اور کومل جبکہ زخمیوں میں وقار اور مسرت نامی خاتون شامل ہیں۔

Multan

Roof Collapse

Punjab police

rescue operation