Aaj News

منگل, جنوری 07, 2025  
06 Rajab 1446  

رمضان المبارک کی خاص سوغات کھجلہ پھینی کی مانگ میں اضافہ

کھجلہ پھینی کے بغیر سحری ادھوری سمجھی جاتی ہے
شائع 11 مارچ 2024 09:26pm

ویسے تو رحمتوں اور برکتوں کے مہینے رمضان المبارک میں سحر و افطار کے لیے روزہ دار انواع و اقسام کے پکوان کا خوب اہتمام کرتے ہیں، انہی میں سے ایک کھجلہ اور پھینی بھی ہے جس کے بغیر سحری ادھوری سمجھی جاتی ہے۔

ماہ رمضان کی برکتوں کا آغاز ہوتے ہی لوگ رمضان کی تیاریوں میں مصروف ہیں ایسے میں مٹھائی کی دکانوں کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں پھینی کے اسٹالز بھی سج گئے ہیں۔

رمضان المبارک میں سحری کے لیے پھینی اور کھجلے کا استعمال ضروری سمجھا جاتا ہے اس لئے شہریوں کی بری تعداد جہاں دکانوں پر موجود ہے وہیں کاریگر بھی بڑی مقدار میں پھینی بنانے میں مصروف دیکھائی دیتے ہیں۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ

کھجلہ پھینی کیسے بنائی جاتی ہے؟

لچھے دار لذیذ پھینی کی تیاری میں خوب محنت درکار ہوتی ہے، جس کی تیاری اس بابرکت مہینہ سے قبل شروع ہو جاتی ہے۔

پھینی میدے سے تیار کی جاتی ہے جس کے لیے پہلے میدے کو آٹے کی طرح گوندھا جاتا ہے جس کے بعد اس میں گھی کا استعمال کر کے اس کے پیڑھے بنائے جاتے ہیں اور پھر اسے ہاتھوں سے بیل کر گھی میں تلا جاتا ہے۔

پھینی کے ساتھ کھجلے کو بھی میدے سے ہی تیار کیا جاتا ہے۔

میدے کے پیڑے گرما گرم تیل میں پھول کر کھجلے کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔

کھجلہ اور پھینی دیر سے ہضم ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ سحری میں ان کا استعمال کرنا روزہ کی حالت میں توانا رہنے کے لیے مفید ہے۔

ماہ رمضان میں جہاں بہت سے کاروبار میں اضافہ ہوتا ہے وہیں کھجلہ پھینی کی خرید و فروخت بھی رمضان المبارک میں کئی افراد کے لیے روزگار کا سبب بنتی ہے۔

Ramzan

ramadan 2024