Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک لاکھ گھروں کے پراجیکٹ کی لاگت کم کرنے کا حکم

عوام کیلئے سستے گھروں کی فراہمی ہمارے منشور کا حصہ ہے، مریم نواز
اپ ڈیٹ 11 مارچ 2024 04:07pm
فوٹو ۔۔۔ فائل
فوٹو ۔۔۔ فائل

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں ایک لاکھ گھر پراجیکٹ میں گھر کی لاگت میں کمی کے لئے اقدامات کا حکم دے دیا۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کیلئے سستے گھروں کی فراہمی ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ کو پیش رپورٹ میں بتایا گیا کہ 10لاکھ سے زائد گھرانوں کو رمضان نگہبان پیکیج کی ترسیل مکمل ہو گئی۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے پنجاب میں 20 ہزار الیکٹرک بائیکس اور 657 ماحول دوست اربن بس پراجیکٹس کی منظوری دے دی۔ جبکہ ہر تحصیل میں طالبات کے لئے اسکول بس پراجیکٹ تیار کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں صوبے میں ایک لاکھ گھر پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے کم آمدن والے لوگوں کے لئے اسکیم سے متعلق امور سے آگا ہ کیا۔ جس پر وزیراعلیٰ نے گھر کی لاگت میں کمی کے لئے اقدامات کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ کم آمدن والے لوگوں کے لیےگھر کی قسط ممکنہ حد تک کم کی جائے۔

اجلاس میں اضلاع میں گھروں کی تعمیر کے لئے اراضی کی نشان دہی کی ڈیڈ لائن مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ چاہتی ہوں پنجاب میں کوئی بے گھر نہ ہو، ہر شہری کے پاس اپنی چھت ہو، عوام کیلئے سستے گھروں کی فراہمی ہمارے منشور کا حصہ ہے۔

’ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جایا گیا تو کوئی رعایت نہیں ہو گی‘

لاہور میں بات چیت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اگر سیاست اور جمہوریت کی آڑ میں ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جایا گیا تو کوئی رعایت نہیں ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ ایک خاتون کی ویڈیو دیکھی جس نے پولیس کی وین پر حملہ کیا اور لوگوں کو چھڑوا کر لے گئی ، یہ کونسے سے ملک میں ہوتا ہے کہ حملہ کرکے لوگوں کو چھڑوالیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ اپنا جمہوری حق ملک میں انتشار پھیلانے کے لئے استعمال کریں گے تو ایسا بالکل نہیں ہونے دوں گی، یہ معاملہ سیاسی انتقام میں نہیں آتا اگر آپ سڑکوں پر نکلیں گے تو ذمہ دار شہری بننا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا نظام موجود نہیں ہے، جو بھی ٹھیک کام کرے گا اس کا تبادلہ نہیں کریں گے۔ مہنگائی کو قابو کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، کسی سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

10لاکھ سے زائد گھرانوں کو رمضان نگہبان پیکیج کی ترسیل مکمل

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان نگہبان پیکیج کی ڈیجیٹل مانٹیرنگ کی ڈیلی رپورٹ وزیراعلیٰ آفس کو پیش کردی گئی۔ 10لاکھ سے زائد گھرانوں کو رمضان نگہبان پیکیج کی ترسیل مکمل ہو گئی۔

20 ہزار الیکٹرک بائیکس، اربن بس پراجیکٹس کی منظوری

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں 20 ہزار الیکٹرک بائیکس اور 657 ماحول دوست اربن بس پراجیکٹس کی منظوری دے دی۔

اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پروجیکٹس کی منظوری کے بعد مریم نواز نے کہا کہ عوام کی تکلیف کا ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے، عوام معاشی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، حکومت کو بوجھ اٹھانا ہو گا۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں ڈیزل ہائبرڈ ری جنریٹڈ بسیں چلائی جائیگی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ہر تحصیل میں طالبات کے لئے اسکول بس پراجیکٹ تیار کرنے کا حکم بھی دیا۔

pti

punjab assembly

CM Punjab Maryam Nawaz