Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

صدر زرداری اپنی بیٹی آصفہ بھٹو کو خاتون اول کا درجہ دیں گے

آصفہ بھٹو خاتون اول کا عہدہ سنبھالنے والی کسی صدر کی پہلی صاحبزادی ہوں گی۔
اپ ڈیٹ 11 مارچ 2024 01:53pm

صدر مملکت آصف علی زرداری نےاپنی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو کو ملک کی ’خاتونِ اول‘ کادرجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر زرداری آصفہ بھٹو کو پاکستان کی خاتون اول قرار دیں گے۔ اور اس حوالے سے باضابطہ طور پر اعلان کیا جائے گا۔

سرکاری اعلان کے بعد آصفہ بھٹو زرداری کو خاتون اول کے مطابق پروٹوکول اور مراعات دی جائیں گی۔ وہ پہلی خاتون اول ہوں گی جو صدر کی صاحبزادی ہوں گی کیونکہ عموماً یہ عہدہ اہلیہ کو تفویض کیا جاتا ہے تاہم صدر کی اہلیہ اور سابق وزیراعظم محترمہ بیمظیر بھٹو حیات نہیں ہیں۔

اس لیے آصفہ بھٹو خاتون اول کا عہدہ سنبھالنے والی کسی صدر کی پہلی صاحبزادی ہوں گی۔

واضح رہے کہ آصفہ نے عام انتخابات میں چیئرمین پیپلز پارٹی اور اپنے بھائی بلاول بھٹو زرداری کا بھرپورساتھ دیاہے۔

آصفہ بھٹو کی پیدائش 3 فروری 1993 کو ہوئی اور وہ آصف زرداری کے تینوں بچوں میں سب سے چھوٹی ہیں۔

گزشتہ روز ایوان صدر میں آصف علی زرداری کی تقریب حلف برداری کے وقت بھی آصفہ والد کے ہمراہ موجود تھیں۔

آصفہ بھٹو زرداری کی اپنے والد کے ساتھ بازو میں بازو ڈال کر چلنے کی تصویر سامنے آئی جو وائرل ہوگئی۔

بعد میں یہی تصویر پیپلز پارٹی کے سوشل میڈیا سیل سے شیئر کی گئی اور اس کے ساتھ تحریر کیا گیا، ’خاتون اول صدر کے ساتھ ’

مزید پڑھیں

آصفہ بھٹو کو بینظیر بھٹو کی نشست سے منتخب کرانے کا فیصلہ

موقع ملا تو کچی آبادیوں کو ریگولائز کریں گے، آصفہ کا بڑا اعلان

آج نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے کوئی نوٹیفیکیشن پیر کی صبح تک جاری نہیں ہوا تھا اور یہ کہ آصفہ بھٹو کی اپنے والد کے ساتھ بازو میں بازو ڈال کر چلنے کے بعد انہیں خاتون اول بنائے جانے کی خبریں پھیلی ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا ان خبروں میں سوشل میڈیا کا کردار زیادہ ہے۔

Asif Ali Zardari

PPP

asifa bhutto

First Lady