Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ جاری کردیا

صدارتی انتخابات میں آصف زرداری کو کُل 411 جبکہ محمود خان اچکزئی کو 181 ووٹ ملے، الیکشن کمیشن
شائع 10 مارچ 2024 02:13pm

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ جاری کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بطور ریٹرننگ افسر صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ فارم 7 پر جاری کیا، جس کے مطابق آصف علی زرداری صدارتی انتخابات میں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری کیے گئے فارم 7 کے مطابق صدارتی انتخابات میں کُل ایک ہزار 44 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 1035 ووٹ درست قرار پائے جبکہ 9 ووٹ مسترد ہوئے، آصف زرداری 411 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل محمود خان اچکزئی 181 ووٹ حاصل کر سکے۔

فارم 7 کے مطابق آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ سے 255، سندھ اسمبلی سے 58، خیبرپختونخوا اسمبلی سے 8، پنجاب اسمبلی سے 43 اور بلوچستان اسمبلی 47 ووٹ حاصل کیے۔

محمودخان اچکزئی نے پارلیمنٹ سے 119، سندھ اسمبلی سے 3، خیبرپختونخوا اسمبلی سے 41، پنجاب اسمبلی سے 18 ووٹ حاصل کیے جبکہ محمودخان اچکزئی کو بلوچستان اسمبلی سے کوئی ووٹ نہیں ملا۔

الیکشن کمیشن نے صدارتی الیکشن کا حتمی نتیجہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو بھجواتے ہوئے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو مراسلہ جاری کردیا، جس میں حتمی نتیجہ بھی شامل ہے۔

الیکشن کمیشن نے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو آصف علی زرداری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

خیال رہے کہ نو منتخب صدر آصف علی زرداری آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

مزید پڑھیں

پہلی بار کوئی ووٹ خریدا یا بیچا نہیں، محمود خان اچکزئی

آصف علی زرداری کو صدارتی انتخاب میں امید سے زیادہ ووٹ مل گئے

تحریک انصاف نے صدارتی انتخاب کو متنازع قرار دے دیا

ECP

Asif Ali Zardari

اسلام آباد

presidential election

Asif Zardari

Election Commission of Pakistan (ECP)

Mehmood Khan Achakzai

presidential election result