Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کنگز کی ٹیم پی ایس ایل 9 کے پلے آف مرحلے میں کیسے پہنچ سکتی ہے؟

کراچی کنگز کی لاہور قلندرز کیخلاف جیت کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی دلچسپ صورتحال
شائع 10 مارچ 2024 01:38pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز کراچی کنگز کے لیے ٹیم پلے آف مرحلے تک رسائی کے امکانات روشن ہونے لگے۔

گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کی ٹیم نے سنسنی خیز انداز میں لاہور قلندرز کو آخری گیند پر شکست دیکر ایونٹ میں اپنے پلے آف مرحلے تک رسائی کے امکانات کو روشن رکھا۔

قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 177 رنز بنائے جبکہ کنگز کو میچ جیتنے کے لیے 178 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں کراچی ٹیم لڑکھڑاہٹ کا شکار ہوئی تاہم شعیب ملک اور عرفان خان نیاری کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت میچ 3 وکٹوں سے جیت لیا۔

کراچی کنگز کی ٹیم کو اگر پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرنی ہے تو انہیں پشاور زلمی کے خلاف اگلے میچ میں لازمی فتح درکار ہے جبکہ انہیں انتظار کرنا ہوگا کہ ملتان سلطانز کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ یا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے یا گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اپنے دونوں میچز ہار جائے۔

پوائنٹس ٹیبل کی دلچسپ صورتحال

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 میں کراچی کنگز کی جیت نے پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کو مزید دلچسپ بنادیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو ملتان سلطانز اور پشاور زلمی پلے آف میں پہنچ چکی ہیں، لاہور قلندرز پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔

تاہم کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان پلے آف میں پہنچنے کےلیے رسہ کشی جاری ہے۔

کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف اہم فتح کے بعد 8 پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائزر میں جگہ بناچکی ہیں جبکہ اب اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلینڈ ایٹرز اور کراچی کنگز میں سے صرف 2 ٹیمیں ہی اگلے مرحلے میں جگہ بناسکتی ہیں۔

ملتان سلطانز کی ٹیم اس وقت 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہیں جبکہ اس کے ابھی 2 میچز باقی ہیں، ملتان کی ٹیم کو آج اسلام آباد کا چیلنج درپیش ہوگا۔

پشاور زلمی کی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اس نے اپنا آخری میچ کراچی کنگز کے خلاف کھیلنا ہے۔

اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم تیسرے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم چوتھے اور کراچی کنگز کی ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

PSL

karachi

karachi kings

national stadium

Pakistan Super League

psl 9

HBL PSL 9