Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں بوندا باندی، گوادر میں کئی گھنٹوں تک مسلسل بارش سے سڑکیں دوبارہ زیرِآب آگئیں

گوادر، کیچ اور تربت کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ
اپ ڈیٹ 10 مارچ 2024 05:41pm
تصویر/فائل
تصویر/فائل

بلوچستان میں سرد ہواؤں کا راج ہے، بلوچستان کے شہر گوادر میں تقریباً 5 گھنٹوں سے زائد وقت سے جاری بارش کے سبب سڑکیں ایک بار پھر تالاب بن گئیں۔

کراچی

کراچی کےمختلف علاقوں میں بونداباندی سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، ناظم آباد اور اطراف کے علاقوں میں بوندا باندی شروع ہوئی، جبکہ نرسری،شارع فیصل، بہادرآباد، طارق روڈ بونداباندی ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج دن بھر مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، شہر میں موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شہر قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ رات کا درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 33 فیصد ہے، شہر میں ہوا 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، شمال مشرقی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، شہر میں پیر کو بونداباندی کا امکان کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ سورج صبح 6:45 منٹ پر طلوع ہوا، سورج شام 6:38 منٹ پر غروب ہوگا۔

دوسری جانب کراچی آج آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 13 نمبر پر ہے، کراچی میں پارٹیکولیٹ میٹر کی تعداد 137 ریکارڈ کی گئی۔

گوادر دوبارہ زیر آب، موسلادھار بارش کا امکان

گوادر میں رات گئے سے وقفے وقفے سے جاری بارشوں کا پانی گلی محلوں میں جمع ہوگیا، زہران، سیسدی، چوڑ اور ملحقہ علاقوں کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

موسلا دھار بارشوں سے دشت کی رابطہ سڑکیں ایک بار پھر بند ہوگئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے اختتام سے رواں ماہ کے آغاز تک بھی گوادر میں موسلا دھار بارشیں ہوئی تھیں جن کے سبب سیکڑوں مکانات پانی میں ڈوب گئے تھے اور اطراف کے اضلاع بھی زیر آب آ گئے تھے۔

غیر معمولی بارشوں نے گوادر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں لوگوں کے کچے مکانات کو تباہ کیا جس کے بعد رہائشیوں کی بڑی تعداد چھت سے محروم ہوگئی، کئی لوگوں کی عمر بھر کی کمائی طوفانی بارشوں کی نذر ہوگئی۔

محکمہ موسمیات نے صوبے میں پیر کو موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے، گوادر، کیچ اور تربت کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

صوبے کے شمالی علاقوں میں سرد ہوائیں چل رہی ہیں، اور آئندہ مزید تیز ہوائیں چلنے اور تیز بارشوں کا بھی امکان ہے۔

اورماڑہ، مکران، گوادر، تربت، پسنی، جیونی، لسبیلہ اور خصدار میں پیر سے برسات کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں کیلئے پیش گوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

بارش اور برفباری کے موسم میں سیاحوں کے حوالے سے این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو موسم دیکھ کر باہر نکلنا چاہیے۔

بلوچستان

Met Office

Rain

Heavy Snowfall