Aaj News

ہفتہ, جنوری 11, 2025  
11 Rajab 1446  

پی ایس ایل 9: کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور قلندرز کے 178رنز کا ہدف کراچی کنگز نے آخری گیند پر حاصل کیا
شائع 09 مارچ 2024 11:38pm

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے 26 ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو3 وکٹوں سے ہرا دیا۔ اس میچ میں لاہور قلندرز کو ساتویں شکست جبکہ کراچی کنگز نے چوتھی فتح سمیٹی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے 178رنز کا ہدف کراچی کنگز نے آخری گیند پر حاصل کیا۔

کراچی کنگ کے جیمز ونس نے 42، ٹم سیفرٹ 36، عرفان خان نیازی 35، شان مسعود 24 اور شعیب ملک نے 27 رنز اسکور کئے۔ جبکہ طیب عباس نے دو،شاہین آفریدی اور سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے کھیل کر 5 وکٹ پر 177 رنز اسکور کئے، فخرزمان نے 35 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

قلندرز کے عبداللہ شفیق نے 39 گیندوں پر 55 رنز بنائے، ڈیوڈ ویزا 24 اور سکندر رضا 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

شاہین آفریدی ایک، مرزا طاہر بیگ 5 اور شائی ہوپ 9 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔

زاہد محمود نے 2، موزا ربانی اور انور علی نے ایک ایک وکٹ لی۔

کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا تھا کہ تعمیر نو اچھی جا رہی ہے۔ آج ہم عرفات منہاس کا تعارف کرائیں گے۔ ہم نے اسلام آباد اور کوئٹہ کے خلاف اچھی باؤلنگ کی، امید ہے آج ہم بیٹنگ میں قدم رکھیں گے۔

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے، ہم پرامید ہیں کہ آج ہماری جیت ہوگی اور ہم جیتنا چاہتے ہیں۔ کھلاڑی مثبت ہیں، میں فٹ ہوں اور اب تک پچھلے دو تین ماہ سے اچھا محسوس کر رہا ہوں، پاکستان کے لیے آئندہ سیریز کا انتظار کر رہا ہوں۔

PSL

karachi kings

lahore qalanders

psl 9

HBL PSL 9