Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پہلی بار کوئی ووٹ خریدا یا بیچا نہیں، محمود خان اچکزئی

بلوچستان سے مجھے ایک ووٹ بھی نہیں ملا، محمود اچکزئی
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2024 06:20pm

صدارتی انتخاب میں حکمراں اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری کے مقابلے میں شکست پانے والے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ گیا الیکشن اچھےماحول میں ہوئے، پہلی بار کوئی ووٹ خریدا یا بیچا نہیں، ووٹ نہ خریدنے کی اچھی روایت پڑگئی ہے۔

خیال رہے کہ آصف علی زرداری پاکستان کے 14ویں صدر منتخب ہوچکے ہیں، آصف زرداری دوسری بار صدر بنے ہیں، انہیں مجموعی طور پر 716 ووٹ ملے اور محمود خان اچکزئی کو 319 ووٹ ملے۔

صدارتی انتخاب کے بعد قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک میں نئے دور کا آغاز ہوا ہے، میں صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر پی ٹی آئی کا مشکور ہوں اور مجھے ووٹ دینے والوں کا شکر گزار ہوں۔

محمد خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان سے مجھے ایک ووٹ بھی نہیں ملا، میرے صوبے سے کم از کم ایک ووٹ آنا چاہئے تھا، ڈاکٹر مالک مجھے ووٹ دینے کیلئے تیار تھے لیکن اچانک پھسل گئے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے الیکشن ملتوی کرنے کیلئے خط لکھا تھا۔

محمود خان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائیں، نواز شریف اپنی پارٹی کے سمجھدار لوگوں کی آواز سنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ قانون میں جو چاہے ترمیم کرسکتی ہے، اس وقت پاکستان مشکل میں ہے، ہم چھوٹے اور مسائل بہت بڑے ہیں، ہماری معمولی غلطی خطے کو تباہ کردے گی، ہمیں مل کر عقل سے کام کرنا ہوگا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ایک پارٹی کو عوام نے ووٹ دیا اس کو ماننا ہوگا، پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت ملک میں غصہ ہے اس پر قابو پانا ہوگا، پتہ نہیں ہم نے اس ملک کو کہاں تک پہنچایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آصف زرداری کو مبارکباد دینے گیا تو وہ موجود نہیں تھے، ہمیں ہمارے اتحادیوں نے ووٹ دیے، مولانا فضل الرحمان کا ووٹ ہمیں ملنا چاہئے تھا، مولانا فضل الرحمان شاید سوگئے ہوں۔

سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا کہ عمران خان اس وقت سے دوست ہیں جب اے پی ڈی ایم بنائی، پارلیمنٹ کے لیے میں ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہوں، بانی پی ٹی آئی سے جو بھی اختلاف ہو لیکن سیٹیں جیتی ہیں، آئین سے حل نکالا جائے اور مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دیں، آئین منتخب نشستوں پر خواتین اور اقلیتوں کو حق دیتا ہے، کسی کی نشستیں ریوڑیوں کی طرح بانٹنے والے آپ کون ہیں۔

presidential election

Presidential Candidate

Election 2024

Mehmood Khan Achakzai

President Of Pakistan 2024