Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آننت امبانی کی شادی میں بل گیٹس کی نئی گرل فرینڈ کون ہیں؟

بل گیٹس نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا وہ طلاق کے بعد ایک بار پھر محبت کی تلاش میں ہیں
شائع 08 مارچ 2024 03:36pm

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس آننت امبانی کی شادی پر اپنی نئی گرل فرینڈ پولا ہرڈ کو بھی بھارت لے آئے ہیں۔ اس سے قبل بل گیٹس میلنڈا فرینچ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک تھے۔

بل گیٹس اب باقاعدہ طور پر نئی گرل فرینڈ پولا ہرڈ کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔

حال ہی میں مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کے موقع پر وائرل تصویر میں بل گیٹس سفید شیروانی زیب تک کیے ہوئے تھے، جبکہ ان کی نئی گرل فرینڈ پولا سیاہ اور گولڈن رنگ کے لباس زیب تن کیے ہوئے تھیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق بل گیٹس اور پولا کے درمیان روابط اُس وقت سے قائم ہیں، جب سے مائیکروسافٹ بانی اور ان کی اہلیہ میلنڈا کے درمیان تعلقات خراب ہوئے، جبکہ میڈیا کی جانب سے دعویٰ بھی کیا رہا تھا کہ 2021 میں جوڑے کے درمیان طلاق کی وجہ بھی یہی تھی۔

اگرچہ 2023 میں پولا اور بل گیٹس کے درمیان تعلقات قائم ہونے کا انکشاف ہوا تھا، تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق پولا تاحال بل گیٹس کے بچوں سے نہیں ملی ہیں۔

جبکہ اس سے قبل 2022 میں پولا اور بل گیٹس لیور کپ کے ایونٹ میں بھی ساتھ دکھائی دیے تھے۔ دوسری جانب بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ وہ طلاق کے بعد ایک بار پھر محبت کی تلاش میں ہیں۔ جس کے بعد انہوں نے مزید کہا کہ بالکل! میں روبوٹ نہیں ہوں۔

آننت امبانی کٓی شادی سے قبل منعقد ہونے والی تقریب سے متعلق تصویر بل گیٹس کی جانب سے اپلوڈ کی گئی تھی جس میں آننت امبانی، مکیش امبانی، بل گیٹس اور ان کی گرل فرینڈ موجود تھیں۔

اس حوالے سے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ جب میں بھارت میں اپنے گزشتہ ہفتے کے دورے پر غور کرتا ہوں تو ایک چیز سامنے آتی ہے، وہ ہے ناقابل یقین مہمانوازی، جو ہر کسی نے پولا اور مجھے دکھائی، خاص طور پر مکیش اور نیتا کی طرف سے ان کے بیٹے آننت اور رادھیکا کے خوبصورت شادی کی تقریبات کے جشن میں۔

##پولا ہرڈ کون ہیں؟

بل گیٹس کی نئی گرل فرینڈ پولا ہرڈ معروف سافٹ وئیر کمپنی Oracle کے بانی مارک ہرڈ کی اہلیہ تھیں، دونوں 30 سال تک ساتھ رہے تاہم اکتوبر 2019 میں مارک ہرڈ انتقال کر گئے تھے۔

پولا ہرڈ نے آسٹن کی ٹیکساس یونی ورسٹی سے بزنس ایڈمنسٹیرشن میں گریجوئیشن کیا ہے، جبکہ وہ سافٹ وئیر کمپنی نیشنل کیش رجسٹر کے ساتھ بھی منسلک رہ چکی ہیں۔