Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خواتین کے عالمی دن پر سینیٹ میں قرار داد منظور

عالمی دن پر تقریبات میں خواتین کی ہمت ، جرات اور حوصلے کو سلام پیش کیا گیا
اپ ڈیٹ 08 مارچ 2024 08:00pm

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خواتین کا دن منایا جارہا ہے۔ اس حوالے سے سینیٹ اجلاس میں بھی ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ہے۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ حکومت خواتین کی معیشت میں شمولیت کے فروغ کو یقینی بنائے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج خواتین کو بلند مقام دینے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ آج کے دن کی مناسبت سے عورت مارچ سمیت دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین کی زیرصدارت ہونے والے سینیٹ اجلاس میں خواتین سے متعلق قرار داد سیمی ایزدی نے پیش کی۔

قرار داد میں کہا گیا کہ مؤثر تعلیمی اور ہنر سکھانے کے پروگرامزکو فروغ دیا جائے، منصوبہ بندی اور تعلیمی اصلاحات سے فیصلہ سازی میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔

خواتین کا عالمی دن

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج خواتین کا دن منایا جارہا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ 8مارچ خواتین کے تعمیری کردار کی پہچان کا دن ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج خواتین کو بلند مقام دینے کےعہد کی تجدید کا دن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عظیم خواتین کو یاد کرکے نسلِ نو کو آگاہی فراہم کی جائے، ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ممکن نہیں۔

اس کے علاوہ کراچی میں عالمی دن کی مناسبت سے پانچویں ویمن کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں خواتین کی ہمت ، جرات اور حوصلے کو سلام پیش کیا گیا۔

آرٹس کونسل میں سجی وومن کانفرنس میں 8 سیشن منعقد کیے گئے۔ کانفرنس کا آغاز روپ میوزیکل تھیٹر اور ڈانس پرفارمنس سے کیا گیا۔

عورت مارچ

عالمی دن کی مناسبت سے آج پاکستان کے تین مختلف شہروں میں عورت مارچ منعقد کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں مارچ کا موضوع ’مزاحمت اور امید‘ رکھا گیا ہے اور یہ دوپہر 2 بجے پریس کلب سے شروع ہوگا۔

لاہور میں بھی عورت مارچ دوپہر 2 بجے پریس کلب سے شروع ہوگا اور فلیٹی ہوٹل تک جائے گا۔

شرکاء سے کہا گیا ہے کہ وہ مارچ کے لیے سرخ اور بلک پہنیں اور فلسطینی پرچم لانے کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔

کراچی میں ’عورت احتجاجی میلہ اور مارچ‘ کا انعقاد کیا جائے گا جس کا آغاز دوپہر ڈھائی بجے فریئر ہال سے ہوگا، مارچ تین تلوار پر اختتام پذیر ہوگا۔

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ویمن ڈیموکریٹک کی جانب سے لاڑکانہ میں مشال مارچ کا انعقاد کیا گیا جہاں بڑی تعداد میں خواتین نے ہاتھوں میں لالٹین لے کر مارچ کیا۔

شازیہ مری

پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پرپیپلزپارٹی پارٹی کی خواتین رہنماؤں کی قربانیوں کو یاد رکھنا ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ جس انصاف کیلئے نصرت بھٹو اور بینظیربھٹو لڑتی رہیں۔ ڈکٹیٹر نے ان کی کردارکشی کی مگر وہ ڈٹی رہیں ، ہم آج بھی شہید بھٹو کے فلسفے کو زندہ رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔

Women

PM Shehbaz Sharif

Senate of Pakistan

Women's Day 2024