Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پلڈاٹ کی رپورٹ پر انتخابی نتائج سے متعلق پی ٹی آئی کا بڑا مطالبہ

حالیہ رپورٹ الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار کی توثیق ہے، ترجمان پی ٹی آئی
شائع 07 مارچ 2024 06:16pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پلڈاٹ کی انتخابات پر جائزہ رپورٹ کی روشنی میں نتائج کے آزادانہ آڈٹ کا مطالبہ کر دیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق انتخابات کی شفافیت پرسوالات الیکشن کمیشن سے جواب کے متقاضی ہیں۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پلڈاٹ کی حالیہ رپورٹ الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار کی توثیق ہے، انتخابی شیڈول میں تاخیر سے لے کر موبائل سروس کی بندش نے انتخابات کو کم ترین منصفانہ ثابت کیا۔

ترجمان نے کہا کہ عوام کے ووٹ پر شب خون کے ذریعے اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی گئی، اس مذموم منصوبے کا انکشاف کمشنر راولپنڈی کی زبانی پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نےالیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کر کے فارم 45 مقررہ وقت کے بعد شائع کیا، جعلی فارم 45 نے نتائج میں غیرقانونی ردوبدل کو قوم کے سامنے بے نقاب کر دیا، چوری شدہ مینڈیٹ پر قائم حکومت ملک کیلئے فیصلے کرنے کی اہلیت نہیں رکھتی، مخصوص نشستوں کی بندر بانٹ کا منصوبہ سیاسی عدم استحکام میں اضافے کا سبب بنے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ غیرت کا مظاہرہ کر کے چوری شدہ نشستیں حقیقی حق داروں کو واپس کی جائیں، پلڈاٹ اور فافن کی متعلقہ الیکشن رپورٹس کی روشنی میں نتائج کا آزادانہ آڈٹ کیا جائے۔

ترجمان پی آٹی آئی کا کہنا ہے کہ چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی کیلئے آئین و قانون کے تحت جدوجہد جاری رکھیں گے۔

pti

PILDAT