Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کو کچھ ہوا تو ذمہ داری موجودہ حکومت پر ہوگی، شعیب شاہین

دہشتگرد سارا پاکستان چھوڑ کر اڈیالہ جیل کیوں گئے یہ سوالیہ نشان ہے؟ رہنما پی ٹی آئی
شائع 07 مارچ 2024 03:43pm

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کچھ ہوا تو ذمہ داری موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پر عائد ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو قتل کرنے اور ڈرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، دہشت گرد سارا پاکستان چھوڑ کر اڈیالہ جیل کیوں گئے؟ یہ سوالیہ نشان ہے، اگر بانی پی ٹی آئی کو کچھ ہوا تو ذمے داری موجودہ حکومت پر ہوگی۔

ان کا کہنا ہے کہ 2 دن پہلے الیکشن کمیشن نے فارم 45 اپ لوڈ کیے، اب حال یہ ہے کہ فارم 45 والی ویب سائٹ ہی نہیں کھل رہی، لوڈ کیے گئے فارمز میں کمال کی چوری کی گئیں۔

شعیب شاہین نے کہا کہ میرے ایک پولنگ اسٹیشن میں میرے مخالف کے ووٹوں کو 168 کو 468 کر دیا گیا، الیکشن کمیشن کی اس ٹیمپرنگ پر کیس کریں گے، یہ جیل میں بھی جائیں گے اور نوکری سے بھی فارغ ہوں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ اپ لوڈ کیے گئے فارم 45 میں انتہا کی ٹیمپرنگ کی گئی، ٹیمپرنگ کے بعد میرے ووٹ کم کر کے مجھے ہرا دیا گیا، ٹیمپرنگ کے بعد کچھ پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کی شرح 99.99 فیصد کر دی گئی جو بظاہر نا ممکن ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم اس حوالے سے جلد ایک وائٹ پیپر جاری کرنے والے ہیں، ہمارے، جماعت اسلامی، ٹی ایل پی اور مصطفی نواز کھوکھر کے پاس ایک جیسے فارم 45 ہیں، جبکہ طارق چوہدری کے پاس کچھ اور فارم 45 ہیں، ہم پرچہ کر کے ریٹرننگ افسر کو فارغ کروائیں گے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ آئی ایم ایف سے قرضہ لیں گے، پھر یہ اشرافیہ اسے کھا جائے گی اور عوام قرضہ پورا کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کا یہ بھی کہنا ہے کہ عدلیہ کو چاہیے کہ وہ ان ڈاکوؤں اور اشرافیہ کو روکیں، واضح کر دوں کہ ڈاکوؤں سے کوئی بات نہیں ہو گی۔

pti

اسلام آباد

imran khan

Shoaib Shaheen

Election 2024