44 سال بعد تاریخ درست ہونے جا رہی ہے، بلاول کا بھٹو صدارتی ریفرنس فیصلے پر ردعمل
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سپریم کورٹ کے بھٹو صدارتی ریفرنس رائے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 44 سال کے بعد تاریخ درست ہونے جا رہی ہے، غلطیوں کی درستگی سے ہم ترقی کر سکیں گے۔
بھٹو صدارتی ریفرنس کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بلاول نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو صدارتی ریفرنس پر رائے سنا دی ہے، عدالت عظمیٰ نے قرار دیا ہے کہ بھٹو کو آئین کے مطابق مصنفانہ ٹرائل نہیں ملا اور ان کے خلاف مقدمہ قانون کے مطابق نہیں چلایا گیا۔
انھوں نے کہا کہ جب تفصیلی فیصلہ آئے گا تو تفصیل سے بات کرسکوں گا، عدالت نے مانا ہے کہ شہید بھٹو کو فیئر ٹرائل نہیں ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے واضح کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کےلیے فیصلہ سنا رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے یہ بھی کہا کہ اس فیصلے کے بعد امید رکھتے ہیں ہمارا نظام درست سمت میں چلنا شروع ہوگا، تمام ججز اور وکلا کا شکر گزار ہوں۔
Comments are closed on this story.