Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بلوچستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش، پہاڑی علاقوں میں برفباری

بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا
اپ ڈیٹ 06 مارچ 2024 11:14am
فوٹو۔۔ فائل
فوٹو۔۔ فائل

بلوچستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے جب کہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوئی۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق شمال مغربی اور جنوبی بلوچستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔

چمن شہر اور گرد و نواح میں رات سے وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش جاری ہے جبکہ قلعہ عبداللّٰہ، پشیں، جنگل پیر علیزئی، شیلاباغ، سرانان، گلستان، خانوزئی، تربت، پنجگور اور خاران میں بھی بادل برسے۔

اس کے علاوہ زیارت، توبہ اچکزئی، کوژک ٹاپ، توبہ کاکڑی، خواجہ عمران، کان مہترزئی سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہوئی۔

قلعہ سیف اللہ کان مہترزئی میں برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ علاقے میں 3 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ پہاڑوں کے ساتھ میدانی علاقوں میں بھی خوب برفباری ہوئی۔

پی ڈی ایم اے نے سڑک کی بحالی کے لئے نمک چھڑک کر نیشنل ہائی وے کو کلیئر کردیا۔ پنجاب کوئٹہ نیشنل ہائی وے کلیئر ہے۔

ٹرانسپورٹرز کیلئے گائیڈ لائن میں کہا گیا ہے کہ کان مہترزئی اور مسلم باغ خانو زئی میں سفر احتیاط سے کریں برفباری سے گاڑیوں کی پھسلنے کا خطرہ ہے۔

ذرائع لیویز حکام کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں برفباری سے رابطہ سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر اطہر عباس نے کہا کہ رابطہ سڑکوں سے برف صاف کرنے کے لیے مشینوں کے ذریعے سے روڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، بالائی علاقوں کے شہر سے زمینی رابطے بحال ہیں۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اورخشک رہے گا، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا۔

خیبرپختونخوا ، پنجاب کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اورمطلع ابر آلود رہے گا۔ دیر، چترال، کوہستان، شانگلہ، سوات ، بونیر، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم، بنوں اوروزیرستان بھی بارش کا امکان ہے۔ جب کہ پہاڑوں پر برفباری بھی ہوسکتی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود اور موسم شدید سرد رہے گا۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ کالام میں درجہ حرارت منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد رہا۔