Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

الیکشن میں فوج کی مداخلت کے غیرمصدقہ الزامات قابل مذمت ہیں، کور کمانڈرز کانفرنس

الیکشن کے بعد سیاسی اور معاشی استحکام کی امید، حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعلان
اپ ڈیٹ 05 مارچ 2024 06:45pm

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت263ویں کور کمانڈرز کانفرنس، کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف نے الیکشن میں فوج کی مداخلت کے غیرمصدقہ الزامات کی مذمت کی کہا کہ مسلح افواج نے انتخابات میں عوام کو محفوظ ماحول فرام کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہےالیکشن کے بعد سیاسی اور معاشی استحکام کی امید ہے، حکومت کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے کہاکہ کچھ عناصر مسلح افواج پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں جو قابل مذمت ہے۔

کورکمانڈرزنے عام انتخابات کے دوران محفوظ ماحول فراہم کرنے پر سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔

فورم نے بعض عناصر کی جانب سے معاشرے میں مایوسی اور تفرقہ ڈالنے کے لیے پھیلائی جانے والے جعلی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے عوام پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور ملکی ترقی میں دل و جان سے حصہ لیں۔

فورم نے کہاکہ گڈ گورننس، معاشی بحالی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح جیسے حقیقی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے بعض مفاد پرست عناصر کی ساری توجہ اپنی ناکامیوں پر دوسروں کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کرکے سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔

فورم نے اس بات پر زور دیا کہ غیر آئینی اور بے بنیاد سیاسی بیان بازی اور جذباتی اشتعال انگیزی کا سہارا لینے کے بجائے ثبوتوں کے ساتھ قانونی طریقہ کار پر عمل کیا جائے۔

فورم نے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری جبر پر تشویش کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔

فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی اور غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

کانفرنس کےشرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کوزبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

ISPR

Army Chief General Asim Munir

Corps Commanders conference