Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

ملکی صدارت پانے کیلئے آصف زرداری اور محمود خان اچکزئی مدمقابل، پیپلز پارٹی کا نمبر گیم پورا

الیکشن کمیشن نے 7 میں سے 5 امیدواروں کے کاغذات مسترد کردیے
اپ ڈیٹ 05 مارچ 2024 08:57pm

صدارتی انتخاب کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کا نمبر گیم پورا ہوگیا ہے، ریٹرننگ آفیسر اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صدر کیلئے آصف علی زرداری کے بعد محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلیے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی کمیٹی برائےصدارتی مہم کی جانب سے بلاول بھٹو کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آصف زرداری کو 345 ووٹ ملیں گے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم آج رابطہ کمیٹی میں حمایت کے حوالے سے فیصلہ کرے گی، نیشنل پارٹی بلوچستان نے بھی ابھی تک فیصلہ نہیں کی ہے، دونوں جماعتوں کی ممکنہ حمایت کے بعد آصف زرداری کی لیڈ 100 کا نمبر کراس کر جائے گی، مخصوص نشستوں کے اضافے سے بھی نمبرز میں اضافہ ہوگا۔

ذرائع آصف زرداری کو مجموعی طور پر ابھی تک 66 ووٹوں کی واضع برتری حاصل ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کے لیے امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ صدارتی اتخابات کے لیے پولنگ 9 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گی۔

جبکہ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور ہونے والے امیدوروں کی فہرست آویزاں کر دی گئی ہے۔

حکومتی اتحاد کے آصف علی زرداری اور اپوزیشن کے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

قبل ازیں، محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کیا گیا تھا۔

ریٹرننگ افسر نے باقی 5 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے۔

خیال رہے کہ ملک میں قومی، صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ کے ارکان 9 مارچ کو صدارتی انتخاب میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔

Asif Ali Zardari

presidential election

Presidential Candidate

Mehmood Khan Achakzai