Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، تیسرے درجے کی قرار

آگ سے متاثر ہونے والی اقبال مارکیٹ میں فوم، ریگزین اور دیگر اشیا کی دکانیں تھیں
شائع 05 مارچ 2024 12:41pm

کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر اقبال مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، مارکیٹ میں فوم، ریگزین اور دیگر اشیا کی دکانیں تھیں، فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی آتشزدگی قرار دیا تھا۔

کراچی کے مصروف ترین ایم اے جناح روڈ پر جامع کلاتھ بس اسٹاپ کے قریب رہائشی عمارت اقبال پلازہ کے نیچے مارکیٹ کی دکانوں میں آگ لگ گئی۔

آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے آگ پر قابو پانے کے لیے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا، آگ سے متاثرہ عمارت میں فوم، ریگزین اور دیگر اشیا کی دکانیں ہیں۔

آگ شدید نوعیت کی ہونے کی وجہ سے اسے تیسرے درجے کی آتشزدگی قرار دیا گیا، آگ سے مجموعی طور پر 7 دکانیں متاثر ہوئیں، 4 کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریسکیو کارروائی کے دوران عمارت کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، عمارت میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے فائر فائٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کارروائی کے دوران رضاکاروں نے آکسیجن سلنڈرز اور اسموگ ماسک کا استعمال کیا، شدید دھواں ہونے کے باعث اقبال پلازہ اور اطراف میں سانس لینا دشوار ہوگیا۔

عمارت کے اندر آگ بجھانے کے آلات اور ہنگامی اخراج کے راستے موجود نہیں تھے، آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی جسے مکمل طور پر بجھا دیا گیا۔

چیف فائر آفیسر کے ایم سی کی میڈیا سے گفتگو

ایم اے جناح روڈ اقبال مارکیٹ میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد چیف فائر آفیسر کے ایم سی اشتیاق احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی کے ایم سی کے فائر ٹینڈرز پہنچے تھے، بالائی منزلوں پر واقع فلیٹس رہائشی افراد سے خالی کرالیے گئے تھے، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اشتیاق احمد نے کہا کہ عمارت کے اندر آگ بجھانے کے آلات اور ہنگامی اخراج کے راستے موجود نہیں تھے، آگ سے مجموعی طور پر 7 دکانیں متاثر ہوئیں، 3 کو مکمل اور 4 کو جزوی نقصان پہنچا، فائر سیفٹی آڈٹ شہر بھر میں کررہے ہیں، اس عمارت کا نمبر ابھی نہیں آیا تھا، آگے چل کر یہاں بھی ہم نے آنا تھا ، آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی جسے مکمل بجھا دیا گیا ہے۔

karachi

fire

iqbal market