Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: شادی سے قبل نوجوان کو قتل کردیا گیا

ڈرگ روڈ ناتھا خان پُل پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 3 شہری زخمی
اپ ڈیٹ 05 مارچ 2024 11:43am
فوٹو۔۔ فائل
فوٹو۔۔ فائل

کراچی کے علاقے اللہ والا ٹاؤن میں فائرنگ سے نوجوان قتل کردیا گیا، مقتول کی شناخت لاریب کے نام سے ہوئی۔ دوسری طرف ڈرگ روڈ ناتھا خان پُل پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 3 شہری زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مقتول نجی یونیورسٹی کا طالب علم ہے۔

نوجوان جم سے واپس گھر آرہا تھا کہ دو ملزمان نے روکا اور فائرنگ کردی۔

ایک گولی مقتول کی آنکھ کے قریب لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

پولیس کے مطابق مقتول کے پاس سے موبائل فون نہیں ملا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :

بہاولپور : حاصل پور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے احمدی رہنما قتل

نوجوان لاریب کے والد کا کہنا تھا کہ موبائل فون میں لاریب کی کتاب کا ڈیٹا تھا جس کی وجہ سے اس نے مزاحمت کی، لاریب کی منگنی ہوچکی تھی اگلے سال شادی تھی۔

ڈرگ روڈ ناتھا خان پُل پر فائرنگ، 3 افراد زخمی

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے مطابق ان پر فائرنگ کا واقعہ ڈرگ روڈ پر پیش آیا، زخمیوں کےمطابق وہ ڈرگ روڈ سے ملیر ہالٹ چلے گئے تھے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملیر ہالٹ پر پیٹرول پمپ کے قریب تینوں افراد زخمی حالت میں ملے، جنھیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کا جوہر سے موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے تعاقب کیا۔

زخمی افراد نے پولیس کو بتایا کہ ناتھا خان کے قریب مزاحمت پر پیروں میں گولیاں ماری گئیں۔

تھانہ ایئر پورٹ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والے دو افراد کی شناخت شعیب اور محمدزبیرکےنام سےہوئی۔

karachi

Karachi Police

Karachi Street Crimes