سوشل میڈیا پر پابندی پارلیمنٹ کی اجازت سے ہونی چاہیے، نفیسہ شاہ
پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ شوسل میڈیا پر پابندی پارلیمنٹ کی اجازت سے ہونی چاہیے، انٹرنیٹ کی بندش کے معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھاؤں گی۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر افنان اللہ نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ بند کرنے سے دنیا میں اچھا امیج نہیں گیا۔
آج نیوز کے پروگرام “ اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ ملک کو کشیدگی کی سیاست سے بچانا چاہتے ہیں، سیاسی استحکام کے لئے مفاہمت ضروری ہے۔
انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کے استحکام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر صدارتی اور سینیٹ الیکشن نہیں رکنا چاہیے۔
لیگی رہنما اور سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ انٹرنیٹ بند نہیں ہونا چاہیے، انٹرنیٹ بند کرنے سے دنیا میں اچھا امیج نہیں گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں تمام کشیدگی کو گفتگو سے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے کو حل کرنے کیلئے قانون میں ترمیم کرنا ہوگی۔
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی نے کہا کہ انٹرنیٹ بند کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش سے لوگوں کا کاروبار متاثر ہورہا ہے، انٹرنیٹ پر پابندی فوری ختم ہونی چاہیے۔
Comments are closed on this story.