Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب کی جارحانہ بیٹنگ، پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست

شاداب خان نے 51 گیندوں پر 80 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیلی
شائع 04 مارچ 2024 11:44pm
فوٹو ۔۔ پی سی بی اور پی ایس ایل
فوٹو ۔۔ پی سی بی اور پی ایس ایل

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 20 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دیدی، اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے جارحانہ بیٹنگ کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ زلمی کے کپتان بابر اعظم صفر پر رن آوٹ ہوئے۔

راولپنڈی میں کھیلےگئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ جواب میں پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر167رنز بناسکی۔

پشاور زلمی کو ابتدائی اوورز میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ 18 رنز کے مجموعے پر 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے تاہم عامر جمال اور والٹر نے 106 رنز کی بڑی شراکت قائم کی لیکن وہ اپنی ٹیم کو میچ نہیں جتوا سکے۔

آل راؤنڈر عامر جمال نے 48 گیندوں پر 87 رنز بنائے، انھوں نے 6 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔ جب کہ والٹر نے 33 رنز اسکور کیے۔

اس سے قبل بیٹنگ کے دوران اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے 51 گیندوں پر 80 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیلی، اس دلکش اننگ میں 6 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

آغا سلمان نے 37 ، جارڈن کاکس نے 26 اور اعظم خان نے 29 رنز اسکور کیے۔

زلمی کے بولر صائم ایوب نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں ۔ لیوک ووڈ اور سلمان ارشاد نے ایک ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔

اسلام آباد کی جانب سے شاداب خان نے 3، حنین شاہ اور رومان رئیس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

PSL

islamabad united

peshawar zalmi

HBL PSL 9