یورو وژن کا اعتراض، اسرائیل گیت کے الفاظ بدلنے پر مجبور
**اسرائیل نے یورو وژن کے گیتوں کے مقابلے میں بھیجے جانے والے ایک گیت پر نظرِ ثانی پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے کین (Kan) نے بتایا ہے کہ مقابلے کے منتظمین نے اعتراض کیا تھا کہ اس گیت میں حماس کے اکتوبر کے حملوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔**
’اکتوبر رین‘ کی تھیم والا یہ گیت اسرائیل کی معروف گلوکارہ ایڈن گولان نے گایا ہے۔
یورو وژن کے نام سے مقابلہ 7 تا 11 مئی سوئیڈن کے شہر میلمو میں ہوگا۔ ادارے کے منتظمین (دی یورپین براڈکاسٹنگ یونین) کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ مکمل طور پر غیر سیاسی ہے اور اصولوں کی خلاف ورزی پر مقابلے میں شریک کسی بھی شخص کو نا اہل قرار دے سکتی ہے۔
میڈیا کو موصول ہونے والے گیت میں، کین کی تصدیق کے مطابق، ’سانس لینا بھی محال ہوچکا ہے‘ اور ’مرنے والے تمام بچے بہت اچھے تھے‘ جیسے الفاظ شامل ہیں جو حماس کے 7 اکتوبر کے حملوں کا تناظر پیش کرتے ہیں۔
اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے نے گیتوں پر نظرِثانی کرتے ہوئے فنکارہ سے کہا ہے کہ وہ نیا ورژن تیار کریں۔ ’کین‘ کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیل کے صدر آئزک ہرزوگ کی استدعا پر گیت میں تبدیلی پر رضامندی ظاہر کی۔ صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔ ایسے میں اسے دنیا کے ہر فورم میں پورے وقار کے ساتھ پیش ہونا چاہیے۔
Comments are closed on this story.