Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
03 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارت کی جانب سے روکے گئے پاکستان آنے والے جہاز میں کیا تھا؟ دفتر خارجہ نے بتا دیا

دفتر خارجہ کی جانب سے بھارت کے جہاز کو روکنے اور سامان پر قبضہ کرنے کی شدید مذمت
شائع 02 مارچ 2024 07:50pm

دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے پاکستان آںے والے جہاز کو روکے جانے اور اس میں موجود سامان قبضے میں لینے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ’یہ رپورٹس بھارتی میڈیا کے حقائق کی غلط بیانی کی عکاس ہیں‘۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کسٹم حکام نے انٹیلی جنس ان پٹ کی بنیاد پر مالٹا سے تعلق رکھنے والے تجارتی جہاز ”CMA CGM Attila“ کو 23 جنوری کو روکا اور اس میں موجود سامان پر قبضہ کرلیا تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ جہاز میں اطالوی کمپنی کی تیار کردہ کمپیوٹر نیومریکل کنٹرول (CNC) مشین موجود تھی جو بنیادی طور پر کمپیوٹر کے ذریعے کنٹرول ہوتی ہے اور ایسی کارکردگی، مستقل مزاجی اور درستگی کا پیمانہ تیار کرتی ہے جو مینوئلی ممکن نہیں ہوتیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ یہ کراچی میں قائم تجارتی ادارے کی طرف سے کمرشل لیتھ مشین کی درآمد کا ایک سادہ معاملہ ہے، جو پاکستان میں آٹو موبائل انڈسٹری کو پرزے فراہم کرتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ آلات کی وضاحت واضح طور پر اس کے خالصتاً تجارتی استعمال کی نشاندہی کرتی ہیں اور یہ لین دین تمام متعلقہ دستاویزات کے ساتھ شفاف بینکنگ چینلز کے ذریعے کیا جا رہا تھا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ نجی ادارے اس بلا جواز قبضہ کے خلاف معاملے کی پیروی کر رہے ہیں۔

پاکستان نے بھارت کی جانب سے تجارتی سامان کو ضبط کرنے پر سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادانہ تجارت میں مشکوک اسناد کے ساتھ یہ رکاوٹ ریاستوں کی طرف سے پولیسنگ کے کردار کے من مانی مفروضے میں موجود خطرات کی نشاندہی کرتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کی خلاف ورزی میں من مانی اقدامات کرنے میں بعض ریاستوں کے بڑھتے ہوئے استثنا کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔

CMA CGM Attila

Ministry of Foreign Affairs Pakistan