Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’مجھے آزاد کردیں‘ ، گوتم گمبھیر نے بی جے پی قیادت کے سامنے ہاتھ جوڑ لیے

سابق بھارتی کھلاڑی ایسٹ دہلی سے الیکشن لڑ کر کامیاب ہوئے تھے
شائع 02 مارچ 2024 02:12pm

سابق بھارتی کھلاڑی اور بی جے پی کے رہنما گوتم گمبھیر نے اپنی جماعت سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے، گوتم اپنی ساری توجہ آئی پی ایل پر رکھنا چاہتے ہیں۔

معروف بھارتی سیاستدان اور سابق کھلاڑی گوتم گمبھیر نے اپنی پارٹی سے سیاسی ذمہ داریاں واپس لینے کی درخواست کر دی ہے۔

تاہم بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ گوتم گمبھیر کی جانب سے یہ فیصلہ انتخابات 2024 میں ٹکٹ نہ ملنے پر کیا گیا ہے۔

ایسٹ دہلی سے منتخب ہونے والے سیاستدان کا ایکس اکاؤنٹ پر کہنا تھا کہ میری پارٹی صدر جے پی نڈا جی سے درخواست ہے کہ وہ مجھے میری سیاسی ذمہ داریوں سے آزاد کر دیں، تاکہ میں اپنی دیگر کمٹمنٹس کو پورا کر سکوں۔ میں وزیر اعظم نریندر مودی کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے مجھے یہ موقع دیا کہ میں عوام کی خدمت کر سکوں۔

جکہ بھارتی میڈیا کی جانب سے گوتم گمبھیر کے اس فیصلے پر حیرانی کا اظہار کیا جا رہا ہے، بھارتی میڈیا کا خیال تھا کہ بھارتی الیکشن میں بی جے پی کی 100 سے زائد امیدواروں کی فہرست میں گوتم گمبھیر کا نام ہوگا تاہم خود گوتم گمبھیر کے پوسٹ نے معاملے کو کلئیر کر دیا ہے۔

دوسری جانب گوتم گمبھیر گزشتہ انتخابات میں ایسٹ دہلی سے 6 لاکھ 95 ہزار 109 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، وہ 2019 سے بھارتیہ جنتا پارٹی سے منسلک رہے ہیں۔

لیکن ساتھ ہی گوتم گمبھیر نے کرکٹ کو بھی نہیں چھوڑا ہے، وہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز کی ٹیم کے مینٹور ہیں،جو کہ 2 مرتبہ ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔

واضح رہے گوتم گمبھیر پاکستان اور بھارت کے میچز کے دوران پاکستانی ٹیم پر بے جا تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

india

Narendra Modi

BJP

gautam gambhir