Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آج کھانے میں کیا ہے؟ جھنجھلاہٹ بھرے سوال کا لذیذ جواب

آسان ریسیپی سے بنی ڈش جسے نہ کھانے والا بھی خود کو نہ روک پائے
شائع 02 مارچ 2024 07:12pm

آج کیا پکانا ہے؟ یہ وہ سوال ہے جو تقریباً تمام ہی خواتین کو جھنجھلا دیتا ہے۔ صرف پکوان کا انتخاب مشکل نہیں ہے بلکہ گھر میں موجود ہر کی الگ الگ پسند کا خیال رکھنا بھی پکوان کے انتخاب کو دشوار بنا دیتا ہے۔

اگر گھر کے افراد گوشت اور چکن کھا کھا کر بیزار ہو گئے ہوں تو پھر آج آلو بینگن سے لطف اندوز ہوا جائے۔

ویسے تو بینگن اکثر لوگوں کو پسند نہیں آتے، لیکن نیچے بیان کی گئی ریسیپی آزمائیں تو سبزیوں کے شوقین افراد کو یہ ڈش یقیناً پسند آئے گی۔

مزیدار آلو بینگن کو روٹی اور چاول دونوں کے ساتھ کھایا جا سکتا ہے۔

اجزاء

بینگن، ایک بڑے سائز کا

آلو، تین سے چار عدد درمیانے سائز کے

ٹماٹر، تین سے چار عدد درمیانے سائز کے

ٹماٹو پیسٹ ، دو کھانے کے چمچ

اچار، دو کھانے کے چمچ

نمک حسب ذائقہ

پسی ہوئی لال مرچ حسب ذائقہ

ثابت زیرہ ایک کھانے کا چمچ

دھنیا ایک کھانے کا چمچ

ہری مرچ ایک عدد

پسا ہوا گرم مصالحہ ایک چائے کا چمچ

ترکیب

بینگن اور ٹماٹر کے چھوٹے چھوٹےٹکڑے کر لیں۔

آلوؤں کو چھیل کر چار حصوں میں کاٹ لیں۔

ہری مرچ اور ہرے دھنیے کو الگ الگ کاٹ لیں

ایک برتن میں تیل لیں اور اس میں سفید زیرہ کڑ کڑا لیں۔

جب زیرے کی خوشبو آنے لگے تو اس میں بینگن ، ٹماٹر اور آلو ایک ساتھ ڈال دیں، پانی بلکل نہ ڈالا جائے، سبزیوں اور ٹماٹر کے پانی میں انہیں پکنے دیں۔

اب نمک اور لال مرچ ڈال کر آنچ دھیمی کر دیں۔

برتن کو ڈھک دیں اور دس سے پندرہ منٹ پکائیں۔

جب آلو تقریباً گل جائیں تو اس میں ٹماٹو پیسٹ، ہرا دھنیا اور کٹی ہوئی ہری مرچ ڈال دیں اور پسے ہوئے گرم مصالحے کو چھڑک کر مزید پانچ منٹ تک پکائیں۔ آنچ دھیمی ہونی چاہیے۔

لیجئے آلو بینگن تیار ہیں، گرما گرم روٹی یا چاول کے ساتھ تناول فرمائیں۔

انٹرٹینمنٹ

vegetables

Cooking

kitchen

recipies