Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کے ٹریفک نے وسیم اکرم، مصباح اور اظہرعلی کو مشکل میں ڈال دیا

سابق کپتان نے پی ایس ایل میچز میں شائقین کی کمی کو بھی ٹریفک سے جوڑ دیا
شائع 01 مارچ 2024 10:31am

کراچی کی ٹریفک نے سابق کرکٹرز کو بھی مشکل میں ڈال دیا، وسیم اکرم، مصباح الحق اور اظہرعلی ٹریفک میں پھنسنے کی وجہ سےپاکستان سپر لیگ کا میچ دیکھنے نیشنل اسٹیڈیم نہ پہنچ سکے۔

گلوکاراداکار اور ہوسٹ فخرِعالم نے ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وسیم اکرم نے یہ احوال سُناتے ہوئے پی ایس ایل میچز میں شائقین کی کمی کی وجہ کراچی کی ٹریفک کو قرار دیا۔

سابق کپتان نے کہا کہ ہم ڈیڑھ گھنٹہ ٹریفک میں کھڑے رہے اور پھر یوٹرن لینے کے لیے مزید ایک گھنٹہ لگا، ’ آج مجھے سمجھ آگٸی کہ لوگ کیوں میچ نہیں دیکھنے آرہے۔’

وسیم اکرم نے کہا کہ جب ہم اسٹیڈیم کے قریب تک بھی نہیں پہنچ سکے تو پھر لوگ کیسے آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کنٹینر ہرچیز کا حل نہیں ہیں، ہمیں مسائل کو حل کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ اس مرتبہ شائقین پی ایس ایل کے کراچی میں ہونے والے میچز کو اسٹیڈیم میں جاکر دیکھنے کو کم ترجیح دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور اور ملتان کے برعکس پی ایس ایل 9 کے کراچی میں ہونے والے میچز کو دیکھنے کیلئے شائقین بہت کم تعداد میں اسٹیڈیم کا رُخ کررہے ہیں اور زیادہ تر اسٹینڈزخالی دکھائی دے رہے ہیں۔

تاہم اس کمی کی ایک وجہ مبینہ طور پر پی ایس ایل میں کے ایف سی کو آفیشل اسپانسر بنائے جانا بھی ہے کیونکہ سوشل میڈیا پر بڑی تعداد نے اس اقدام پرتحفظات کا اظہار کیا تھا جس کی وجہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم ہیں۔

Wasim Akram

Traffic Jam

psl traffic plan