Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم کا انتخاب اتوار کو ہوگا، شیڈول جاری

کل کے اجلاس کا چھ نکاتی ایجنڈا بھی جاری
اپ ڈیٹ 29 فروری 2024 06:13pm

عام انتخابات کے بعد پاکستان کی 16ویں قومی اسمبلی کے نومنتخب ارکان قومی اسمبلی اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس میں حلف اٹھا چکے ہیں، جس کے بعد قومی اسمبلی نے وزیراعظم کے انتخابی عمل کا شیڈول مرتب کر لیا ہے۔

شیڈول کے مطابق وزیراعظم پاکستان کا انتخاب بروز اتوار 3 مارچ کو ہوگا، وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 2 مارچ دوپہر 2 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم اسپیکر اور ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب

وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اسی روز 3 بجے تک کرلی جائے گی، قومی اسمبلی اجلاس میں 3 مارچ بروز اتوار وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

قومی اسمبلی کے شیڈول کے مطابق ممبران قومی اسمبلی اپنے مسلم ارکان میں سے ایک ممبر کو وزیراعظم منتخب کریں گے۔

حکمران اتحاد نے مسلم لیگ (ن) کے شہباز شریف کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے عمر ایوب امیدوار ہیں۔

عبدالخالق اچکزئی نے اسپیکر اور غزالہ گولہ نے ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی کاحلف اٹھا لیا

شیڈول کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کے روز کسی قسم کا اور کوئی ایجنڈا اجلاس میں زیر غور نہیں آئے گا۔

آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت وزیراعظم کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوگا یعنی خفیہ ووٹنگ نہیں ہوگی۔

چھ جماعتوں پر مشتمل حکمران اتحاد کے پاس 208 ووٹ ہیں جب کہ 336 رکنی ایوان میں سادہ اکثریت 168 بنتی ہے۔ یعنی 169 ووٹ لینے والا وزیراعظم بن جائے گا۔

کل کے اجلاس کا چھ نکاتی ایجنڈا جاری

کل صبح بھی قومی اسمبلی کا اجلاس دس بجے منعقد ہوگا، جس کا چھ نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

کل تلاوت، نعت اور قومی ترانہ کے بعد حلف سے رہ جانے والےاراکین کا حلف ہوگا، اس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب اور حلف ہوگا۔

اسپیکر قومی اسمبلی پھر ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کروائیں گے جس کے بعد نو منتخب ڈپٹی اسپیکر سے اسپیکر حلف ہوگا۔

National Assembly

Voting For Prime Minister