طرفداری کا الزام، اپیل ہوگی پی ٹی آئی کیسز میں قاضی فائز عیسیٰ نہ بیٹھیں، شعیب شاہین
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ ہم خیبرپختونخوا کے تمام حلقے کھولنے کو تیار ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے کہا کہ آج بانی چیئرمین سے ملاقات ہوئی ہے جس میں الیکشن کے بعد کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کے ساتھ مل کر دھاندلا کررہا ہے، ہم سپریم کورٹ میں پٹیشن لے کر جائیں گے، ہم ثبوت لے کر جائیں گے کہ کیسے آر اوز سے مل کر دھاندلی کی گئی۔
شعیب شاہین کے مطابق فافن اور فوٹن مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو استعفا دے دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آخری رات میں فارم 47 کے ذریعے لوگوں کو جتوایا گیا، موڈیز نے بھی رپورٹ دی ہے کہ سیاسی عدم استحکام نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف کے پروگرام کو مشروط طور پر سپورٹ کیا تھا، آئی ایم ایف معاہدے سے بجلی، گیس بلوں میں اضافہ ہوگا، بجلی کا یونٹ 70 روپے تک ہوگیا ہے، اگر یہ رفتار رہی تو گیس کا بل 1 لاکھ روپے پر چلا جائے گا، ان حالات میں کون بزنس مین ہوگا جو مہنگی بجلی اور گیس سے کاروبار چلائے گا، ان حالات میں جو حکومت آئے گی ان کو عوام کی سپورٹ نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی استحکام ہوگا تو انویسٹمینٹ آئی گی، ہم نے فری اینڈ فئیر الیکشن کے ساتھ آئی ایم ایف معاہدے کو مشروط کیا تھا، پی ڈی ایم کی صورت میں جو تباہی ہوچکی ہے اس سے زیادہ تباہی ہوگی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ملک کے اصل وارث عوام کو اس ملک کا اختیار دیا جائے، ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ ہمیں انصاف دے گی، چیف جسٹس سپریم کورٹ بانی چیئرمین کے مقدمات میں طرفداری ظاہر کرتے ہیں، ہماری اپیل ہوگی کہ پی ٹی آئی کیسز میں قاضی فائز عیسیٰ نہ بیٹھیں، ہم کے پی کے تمام حلقے کھولنے کے لیے تیار ہیں۔
شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ شہباز شریف 25 کروڑ عوام کا دشمن ہے، مریم نواز ایک کٹ پتلی ہے، ان کو حکمرانی کا کوئی اختیار نہیں ہے، ریزرو سیٹیں ہمارا حق ہے، الیکشن کمیشن بہت زیادتی کررہا ہے۔
Comments are closed on this story.