Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں بارش کے سبب کل آدھی چھٹی ہوگی، امتحانات منسوخ، عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا، بلدیہ عظمیٰ کے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ
اپ ڈیٹ 29 فروری 2024 08:28pm

کراچی سمیت سندھ میں موسلا دھار بارش کے امکان کے پیش نظر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کردی۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔

رین ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیشگوئی کے بعد طلب کیے جانے والے اجلاس میں کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں کو اس حوالے سے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کے باعث کل کراچی میں سرکاری اور نجی اداروں میں اوقات کار نصف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مراد علی شاہ کو ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بریفنگ میں بتایا کہ سندھ بھر میں آج سے بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ کراچی میں کل دوپہر کے بعد بارش کا امکان ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر میں 12 گھنٹے میں 13 سے 16 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

وزیراعلی سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ کل غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، کراچی میں دوپہر 2 بجے کے بعد 3 تا 4 بارش کے اسپیل ہونے کا امکان ہے، انہوں نے اس دوران ٹریفک انتظامات میں بہتری کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایات جاری کیں۔

میئرکراچی مرتضی وہاب نے اجلاس میں بتایا کہ گزشتہ ماہ بارش کے دوراں نکاسی کے مسائل ہوئے، جنہیں حل کیا جارہا ہے، واٹر بورڈ کی تریپن سکسیشن مشینیں ضرورت میں استعمال ہوسکتی ہیں۔

مئیر کراچی کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، ہمیں کلائمٹ چینج اور گلوبل وارمنگ کا سامنا ہے، بلدیاتی اداروں نے تمام حفاظتی اقدامات کئے ہیں، تمام عملہ گراؤنڈ پر موجود ہوگا، کوشش ہوگی کہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کیلئے وہاں موجود زائرین کی بڑی تعداد کی حفاظت کیلئے اور ضروری انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کراچی میں یکم مارچ کو موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی اور طوفانی بارشوں کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کردیا تھا۔

سندھ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ 29 فروری سے دو مارچ تک سندھ میں طوفانی بارشیں ہوسکتی ہیں جس سے کھمبوں، فصلوں اور سولر پینلزکو نقصان پہنچا سکتا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے آج نیوزسے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں یکم مارچ کو پورا دن رات گئے تک معتدل اورتیز بارش ہوگی۔

انھوں نے یکم مارچ سے آئندہ تین سے چار روز کے دوران شہر قائد کا درجہ حرارت بھی گرنے کا امکان ہھی ظاہرکیا تھا۔

مزید پڑھیں

مُسلسل بارش سے گوادر میں نظام زندگی مفلوج، مکینوں کی منتقلی شروع

گوادر میں موسلادھار بارش سے تباہی، مکانات منہدم

بلدیہ عظمیٰ کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

کراچی میں بارشوں کے پیش نظر کے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں ۔ میئر کراچی مرتضی وہاب نے وڈیو پیغام میں کہا کلائمیٹ چینج اور گلوبل وارمنگ کا سامنا ہے، تاریخ نہیں ملتی کہ مارچ کے مہینے میں کراچی اس طرح کی بارش پیش گوئی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورتحال ہے بلدیاتی اداروں نے تمام حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔ تمام عملہ گراؤنڈ پر موجود ہوگا،کوشش ہوگی لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ تفصیلی میٹنگ میں ٹریفک کنٹرول سے متعلق بھی خصوصی حکمت عملی طے کی گئی ہے۔

فلائٹ اسکول کی پروازیں معطل

نجی فضائی کمپنی اسکائی ونگز ایوی ایشن نے کل یکم مارچ کو بارش کے پیش نظر فلائٹ آپریشن معطل کردیا ہے۔

ترجمان اسکائی ونگز ایوی ایشن کیپٹن ازقا ملک کا کہنا ہے کہ اسکائی ونگز نے کل تمام فلائنگ اسکول کی کلاسز بھی معطل کردی ہیں، پائلٹس کی تربیتی پروازیں اور گراؤنڈ ٹریننگ کلاسز اتوار کے روز ہوں گی۔

اسکائی ونگز نے کل یکم مارچ کو اپنی ایئر ٹیکسی سروس کی فلائٹس بھی معطل کردی ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ایوی ایشن کمپنیوں کو الرٹ جاری کیا ہے۔

جامعہ کراچی کے امتحانات ملتوی

جامعہ کراچی نے بھی بی ڈی ایس تھرڈ اور ایم بی بی ایس تھرڈ پروفیشنل کے یکم مارچ کو ہونے والے امتحانات بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر ملتوی کردیے ہیں۔ ملتوی ہونے والے امتحانات اب 07 مارچ 2024ء کو منعقد ہوں گے۔

ناظم امتحانات جامعہ کراچی کے مطابق بی ڈی ایس تھرڈ پروفیشنل ضمنی امتحانات 2023 اور ایم بی بی ایس تھرڈ پروفیشنل سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے یکم مارچ 2024ء کو ہونے والے امتحانات بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر ملتوی کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ امتحانی مرکز اور وقت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

CM Sindh

karachi

Met Office

Rain

Karachi Rain

rainy weather

Syed Murad Ali Shah

rain emergency