Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

شہزادہ ہیری برطانیہ میں سیکیورٹی نہ دینے کیخلاف دائر کیس ہار گئے

ہیری شاہی محل کو چھوڑ کر امریکی ریاست کیلی فارنیا منتقل ہو چکے ہیں
شائع 29 فروری 2024 10:34am

برطانوی شاہی محل کو خیرباد کہنے والے شہزادہ ہیری کو برطانیہ میں سرکاری سیکیورٹی نہ دینے کے حکومتی فیصلے کے خلاف دائر کیے جانے والے مقدمے میں شکسست ہوگئی۔

شاہ چارلس سوم کے سب سے چھوٹے بیٹے نے فروری 2020 میں حکومت کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا تھا جب انہیں بتایا گیا تھا کہ انہیں برطانیہ میں تحفظ فراہم نہیں کیا جائے گا۔

برطانوی وزارت داخلہ کی جانب سے پولیس پروٹیکشن نہ دینے پر ہیری نے لندن کی عدالت سے رجوع کیا تھا۔

جج پیٹر لین نے 52 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا کہ 28 فروری 2020 کے فیصلے میں دعویدار کے لیے تیار کیا گیا ’بی سپوک‘ طریقہ کار قانونی طور پر درست تھا اور ہے۔

ہیری نے 2020 میں اپنی اہلیہ امریکی نژاد اداکارہ میگھن مارکل کے ساتھ برطانیہ چھوڑ تے ہوئے بالآخر کیلیفورنیا میں سکونت اختیار کرلی تھی۔ انہوں نے دسمبر میں لندن کی عدالت میں ایک سماعت کے دوران کہا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے برطانیہ کے دوروں میں رُکاوٹ آرہی ہے۔

شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ، ’برطانیہ میرا گھر ہے اورمیرے بچوں کے ورثے میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ اگر انہیں محفوظ رکھنا ممکن نہ ہو تو ایسا نہیں ہو سکتا۔ میں اپنی بیوی کو اس طرح خطرے میں نہیں ڈال سکتا اور زندگی میں اپنے تجربات کو دیکھتے ہوئے میں غیر ضروری طور پر اپنے آپ کو بھی نقصان پہنچانے سے گریزاں ہوں۔‘

تاہم لندن کی عدالت نے بدھ کو شہزادہ ہیری کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے حکومتی فیصلے کو قانونی قرار دیا۔

فی الحال عدالتی فیصلے پر شہزادہ ہیری کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیاہے۔

Meghan Markle

Prince Harry

Great Britain