Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

طاقتور سسٹم داخل: کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں موسلادھار بارشیں ہوں گی

محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو بھی سمندر میں نہ جانے کی ہدایات کر دی
شائع 29 فروری 2024 08:49am

مغربی ہواؤں کے زیر اثر آج سے ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، محکمہ موسمیات نے موسمی صورتحال کے باعث وارننگ بھی جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا طاقتور سسٹم آج سے ملک کے مغربی حصوں کو متاثر کرنا شروع ہوگا، جس کے باعث کہیں تیز تو کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

آئندہ دو روز کے دوران سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے اضلاع آوران، کیچ، گوادر، پنجگور، بارکھان، کوہلو، سبی، نصیر آباد، دالبندین اور خضدار کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جبکہ لورالائی، لسبیلہ، چاغی، موسیٰ خیل، جھل مگسی، شیرانی، ژوب میں بھی بارش کا امکان ہے۔ کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ سمیت زیارت میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

دوسری جانب سندھ میں بھی مغربی سسٹم اثر انداز ہونے کو تیار ہے، آج سے یکم مارچ تک سندھ مختلف اضلاع جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، گھوٹکی میں آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے۔

بات کی جائے کراچی کی، تو شہر قائد میں بھی جمعے کے روز کہیں موسلادھار تو کہیں تیز بارش کا امکان موجود ہے، تاہم حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین اور تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق یکم مارچ تک بلوچستان کے ماہی گیر گہرے سمندر میں نہ جائیں، جبکہ محکمہ موسمیات نے سندھ کے ماہی گیروں کو بھی سمندر میں احتیاط برتنے کی ہدایات کی ہیں۔

واضح رہے مغربی سسٹم کے زیر اثر بلوچستان کے شہر گوادر میں اب تک 183 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے

karachi weather

Rain

Pakistan Weather

Balochistan Weather

Karachi winds