Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وفاق میں فضول وزارتیں ختم کی جائیں، مراد علی شاہ

وفاقی حکومت کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے ہوں گے اور آگے بڑھنا ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ
شائع 28 فروری 2024 10:15pm
فوٹو۔۔ فائل
فوٹو۔۔ فائل

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قائدین کی مشاورت سے اپنی ٹیم جلد تشکیل دوں گا، ملک میں شدید معاشی بحران ہے، وفاق میں فضول وزارتیں ختم کی جائیں۔

کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ نے کہا کہ آفس میں پہلے دن امن و امان کے حوالے سے اجلاس کیا ، صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر تشویش ہے۔ کچے میں بدامنی اور منشیات کا استعمال بہت بڑھ گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب کے آفٹر ایفکٹس ابھی بھی ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا لوگوں کی زندگی بحال کرنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج سے پتہ چل گیا کہ پیپلز پارٹی مقبول جماعت ہے، ہماری پارٹی عوام کے دکھ سکھ میں ساتھ کھڑی ہے، ہمیں جتنا مینڈیٹ عوام نے دیا اتنی ہی ذمہ داری مزید بڑھ گئی۔

مزار قائد پر حاضری سے قبل مراد علی شاہ نے سیہون شریف میں حضرت لال شہبازقلندر کے مزار پر حاضری دی۔ جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ قانونی ماہرین ، قومی اسمبلی اجلاس پر بات کرچکے، پہلے اسپیکر نے غلط طریقے سے اسمبلی توڑی، آئینی طریقے سے بانی پی ٹی آئی وزارت عظمیٰ سے فارغ ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ آئین میں لکھا ہے 21ویں دن قومی اسمبلی کا اجلاس ہونا ہے، صدر عارف علوی نے اسمبلی اجلاس نہ بلاکر دوسری بار غیر آئینی بات کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری مارچ میں ملک کے صدر بنیں گے، جب کہ ہم سندھ سے شروعات کریں گے اور بلاول بھٹو کو اس ملک کا وزیراعظم ووٹوں سے بنائیں گے۔ بلاول کو وزیراعظم بنانے کی آفر کی گئی لیکن وہ عوام کے ووٹوں سے وزیراعظم بننے پر یقین رکھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے ہوں گے اور آگے بڑھنا ہوگا۔

federal cabinet

Syed Murad Ali Shah

Pakistan Politics