Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
17 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈیڑھ دو برس تکلیف دہ، پاکستان مشکلات سے نکل جائے گا، نواز شریف

قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گے، نامزد وزیر اعظم شہباز شریف
اپ ڈیٹ 28 فروری 2024 08:13pm
فوٹو ۔۔ اسکرین گریب
فوٹو ۔۔ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈیڑھ دو برس تکلیف دہ ہوسکتے ہیں لیکن پاکستان مشکلات سے نکل جائے گا، ہم سب نے مل کر ملک کو مشکلات سے نکالنا ہے، ہم نے گیس اور بجلی کے بلوں کو کم کرنا ہے۔ نامزد وزیراعظم اور صدر ن لیگ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نوازشریف کی قیادت میں قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گے، یقین ہے کہ مریم نواز پنجاب کیلئےدن رات کام کریں گی۔

لاہور میں ن لیگ کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ یقین ہے ڈیڑھ سے 2 سال میں پاکستان مشکلات سے نکل جائے گا، ہم نے مل کر پاکستان کے زخم بھرنے ہیں، ہم سب نے مل کر ملک کو مشکلات سے نکالنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج پاکستان کو درست کرنا جان جوکھوں کا کام لگتا ہے، آج بہت مشکل حالات ہیں، بڑامسئلہ مہنگائی ہے لیکن نیت نیک ہوگی تو اللہ ضرور مدد کرے گا، ہم نے گیس اور بجلی کے بلوں کو کم کرنا ہے۔

سابق حریف حکومت پر تنقید کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ترقی کا سفر جاری رہتا تو پاکستان خطے کی بڑی طاقت ہوتا، انہوں نے اپنے دور میں کون سا منصوبہ لاؤنچ کیا، ہم نے اپنے دور میں قوم کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا، ہم نے ڈالر کو 104 روپے پر باندھ کر رکھا ہوا تھا، کس کے دور میں ڈالر 104 روپے سے اوپر گیا، ہم پاکستان کو گرے سے وائٹ لسٹ میں لائے، ان کو لے کر آنے والے پاکستان کے بڑے مجرم ہیں۔

پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سردار ایازصادق اسپیکر کے عہدے کی صلاحیت رکھتے ہیں، یقین ہے کہ ایازصادق بہترین اسپیکر ثابت ہوں گے۔

قائد ن لیگ نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ انتخابی مہم کےدوران وہ گرکر زخمی ہوئے تھے، میں خود ان سےملنے اسپتال گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمارا واسطہ ایسے لوگوں سے پڑا جن کی ذہنیت سمجھ نہیں آئی، الیکشن میں ہارتے ہی دھاندلی دھاندلی کی رٹ لگائی۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن جیت کر میں ان سے ملنے گھر تک گیا، بنی گالا میں ہم نے طے کیا کہ سب کو مل کر چلنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بنی گالا میں ملاقات کے بعد پتہ چلا کہ لندن میں اتحاد بن گیا، پتہ چلا کہ دھرنوں کا پروگرام بن گیا ہے، کہا گیا کہ وزیراعظم کے گلے میں پٹہ ڈال کر باہر لائیں گے۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ لوڈشیڈنگ، دہشت گردی زوروں پر تھی اور دھرنے شروع ہوگئے، دھرنوں کے باوجود ہم اپنا کام کرتے رہے۔ دھرنوں کی وجہ سے چینی صدرکا دورہ منسوخ ہوا، دھرنے کے باوجود ہم نے قوم کے کیے وعدے پورے کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی گفتگو بہت عمدہ تھی، الیکشن میں منتخب تمام اراکین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمارے پہلے دورمیں بڑے بڑے منصوبوں کا آغاز ہوا تھا، ہمارے دوسرے دور میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا۔ ہمارے تیسرا دور لمبی جدائی کے بعد آیا تھا، ہمارے دور میں ملک مثالی ترقی کر رہا تھا۔

نواز شریف نے کہا کہ 2017 میں ججز نے مجھے نا اہل کردیا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نااہل کیا گیا، ججز نے ایسے الفاظ کہے جو کبھی پہلے نہیں سنے، مجھے سسیلین مافیا کہنے والے ججز آج کہاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کا 2013 میں بھی یہی رویہ تھا اور آج بھی یہی ہے، ہمارے اور نظام کےخلاف سازشیں کی گئیں، اسلام آباد پر حملے کیلئے خیبرپختونخوا سے لوگ آئے، بدتمیزی، بدتہذیبی کو فروغ دیا۔

انھوں نے سوال اٹھایا کہ کیا وزیراعظم اور پارلیمنٹ میں بیٹھنے والوں کا لہجہ ایسا ہوتا ہے، ہمارے دور میں ملک بھر میں سڑکیں بنائی گئیں، لواری ٹنل پر کام ہمارے دور میں ہوا، گوادرمیں ہم نے میں بھرپور ترقیاتی کام کروائے۔

’قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گے۔ ہم نے کبھی جی ایچ کیو کی طرف دیکھا تک نہیں‘

اس موقع پر صدر ن لیگ شہباز شریف نے کہا کہ یقین ہے کہ مریم نواز پنجاب کیلئے دن رات کام کریں گی، ن لیگ نے ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا، نوازشریف نے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے ارکان اسملبی اپنے بل بوتے پر جیت کر آئے ، ہم نے کبھی جی ایچ کیو کی طرف دیکھا تک نہیں، ہم نے کسی بھی حال میں صبرکا دامن نہیں چھوڑا، خیبرپختونخوا میں اگر وہ جیتے تو الیکشن ٹھیک ہیں، پنجاب میں الیکشن ہار گئے تو دھاندلی ہوئی ہے، یہ ہے اپنی ذات کو پاکستان سے اوپر کرلینا

ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے ایک بار پھر آئین کی دھجیاں اڑائی ہیں، قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا قومی فریضہ تھا، عارف علوی نے پہلے بھی آئین کی خلاف ورزی کی تھی۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے16ماہ کی حکومت میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ملک کو نہ بچاتے تو آج ہم یہاں نہ بیٹھے ہوتے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف ملک میں سی پیک منصو بے لے کر آئے، کراچی میں امن قائم کرنے پر لوگ جھولیاں اٹھا کر دعا دیتے ہیں، بدامنی کی وجہ سے کراچی کا کاروبارتباہ ہوگیا تھا، نوازشریف نے افواج پاک کے ساتھ مل کر امن قائم کیا۔

انھوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسران وجوانوں نےعظیم قربانیاں دیں، نوازشریف نے اپنے دور میں دیامر بھاشا ڈیم کیلئے زمین خریدی، نوازشریف کےخلاف جعلی اور جھوٹےمقدمات بنائےگئے، ہم نےکبھی کسی کو میر جعفرقرار نہیں دیا۔

Nawaz Sharif

shahbaz sharif

Pakistan Politics

IMRAN KHAN Adiyala Jail