Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

دنیا کی تیسری اور افریقا کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح

بلند ترین مینار والی 'جامع الجزائر' مسجد 27 ہیکٹر رقبے پر محیط، ایک لاکھ 20 ہزار نمازیوں کی گنجائش
شائع 28 فروری 2024 03:26pm

الجزائر میں دنیا کی تیسری بڑی مسجد کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ یہ افریقا کی سب سے بڑی مسجد ہے۔ ناقدین اس مسجد کو ایک ایسے منصوبے کے طور پر دیکھ رہے ہیں جسے ایک سابق صدر (عبدالعزیز بوتفلیقہ) نے اپنی تشہیر کے لیے تعمیر کرایا ہے۔

سیاسی حالات کی خرابیوں کے باعث مسجد کی تعمیر میں تاخیر ہوئی۔ پیر کی صبح الجزائر کے صدر عبدالماجد تبون نے مسجد کا باضابطہ افتتاح کیا۔ شمالی افریقا کی ریاست کے بحیرہ روم کے ساحل پر یہ مسجد افریقا میں سب سے بڑی ہے۔

مقامی طور پر اس مسجد کو جامع الجزائر کہا جاتا ہے۔ دنیا کی کسی بھی مسجد کے مینار اس مسجد کے مینار سے زیادہ بلند نہیں جس کی بلندی 265 میٹر ہے۔ اس مسجد میں ایک لاکھ بیس ہزار نمازی سماسکتے ہیں۔ مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی کے بعد یہ دنیا کی سب سے بڑے مسجد ہے۔

27.75 ہیکٹر رقبے پر پھیلی ہوئی یہ مسجد 17 سال میں مکمل ہوئی۔ اس کی تعمیر میں سنگِ مرمر کے علاوہ لکڑی بھی استعمال کی گئی ہے۔ اس میں ایک ہیلی پیڈ کے علاوہ دس لاکھ کتابوں کی گنجائش والا کتب خانہ بھی موجود ہے۔

مسجد کا باضابطہ افتتاح رسمی کارروائی کے طور پر دیکھا گیا ہے کیونکہ بین الاقوامی سیاح اور سرکاری مہمان پانچ سال سے یہاں عبادت کر رہے ہیں۔ اسے عبادت کے لیے پہلی بار اکتوبر 2020 میں کھولا گیا تھا۔ تب صدر تبون کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث حاضر نہ ہوسکے تھے۔

کم و بیش 90 کروڑ ڈالر کی لاگت سے یہ مسجد ایک چینی فرم نے تیار کی ہے۔ تاخیر کے ساتھ ساتھ لاگت کا بدلتا ہوا تخمینہ بھی مشکلات پیدا کرتا رہا۔ ناقدین کہتے ہیں مسجد ایسے علاقے میں تعمیر کی گئی ہے جو زلزلے کی پٹی پر واقع ہے۔

یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یہ مسجد سابق صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ نے محض اپنی نمود کی خاطر تعمیر کرائی ہے۔ 2019 میں مستعفی ہونے پر مجبور کیے جانے تک انہوں نے 20 سال الجزائر پر حکومت کی۔ انہوں نے اس نئی مسجد کو اپنے آپ سے موسوم کیا اور اس کا افتتاح کرنے کے بھی خواہش مند تھے۔

یہ مسجد ایک بڑی شاہراہ سے متصل ہے اور اس کے نزدیک 10 لاکھ نئے رہائشی یونٹ تعمیر کیے گئے ہیں۔ مسجد کے ٹھیکوں میں کرپشن کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔

Algeria

TALLEST MINARET

BIGGEST MASJID IN AFRICA

ABDUL AZIZ BOUTFLIQA