بھارتی وزیراعظم پر روڈ شو کے دوران موبائل فون پھینک دیا گیا
بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کے علاوے تروپور میں منگل کے روز روڈ شو کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی پر موبائل فون پھینک دیا گیا۔
وزیر اعظم مودی تامل ناڈو، کیرالہ اور مہاراشٹر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ کیرالہ میں منعقدہ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی تقریب میں شرکت کے بعد وزیر اعظم مودی نے تامل ناڈو میں بی جے پی کے صدر انامالائی کی ’این مین این پیپل یاترا‘ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
بھارتی وزیر اعظم ایک خصوصی طیارے کے ذریعے کوئمبٹور میں ائر فورس بیس پہنچے اور وہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے تروپور پہنچے تھے جہاں بی جے پی کے ریاستی صدر انامالائی اور دیگر رہنماؤں نے اُن کا استقبال کیا ۔
تروپور میں عام لوگوں نے بھی پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور ’بھارت ماتا کی جئے‘ کے نعرے لگا کر وزیر اعظم مودی کا پرجوش استقبال کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نعرے بازی کے دوران بھیڑ میں سے کسی نے مودی کی گاڑی پر موبائل فون پھینکا گیا۔ اس کے بعد اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) کے ایک رکن نے سیل فون ہٹانے کو کہا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ ( ایس پی جی) وزیر اعظم، سابق وزرائے اعظم اور ان کے قریبی افراد کو سیکورٹی فراہم کرنے کا کام کرتا ہے۔
معاملے پر تمل ناڈو پولیس کی جانب سے فی الحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں جب بھارتی وزیراعظم پر موبائل پھینکاگیا ہو، گزشتہ سال کرناٹک میں بھی روڈ شو کے دوران ایسا واقعہ پیش آیا تھا۔
Comments are closed on this story.