Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں کار فٹ پاتھ پر سوئے افراد پر چڑھ گئی، 2 بہن بھائی ہلاک، مقدمہ درج

محنت مزدوری کیلئے ہندو خاندان لاڑکانہ سے کراچی آیا تھا
اپ ڈیٹ 28 فروری 2024 03:26pm

حمید اللہ

کراچی کے علاقے ناگن چورنگی پل کے قریب تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر سوئے افراد پر چڑھ گئی، حادثے میں 2 بہن بھائی جان سے گئے اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈرائیور کار چھوڑ کر فرار ہوگیا جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

مرنے والے اور زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، عینی شاہد کے مطابق دو تیز رفتار کاریں ریس لگا رہی تھی ایک کار بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے جاٹکرائی۔

ہلاک اور زخمی افراد کا تعلق ہندو کمیونٹی سے تھا کراچی میں چند روز قبل لاڑکانہ سے محنت مزدوری کے لئے آئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کار میں 2 افراد سوار تھے جو نشے کی حالت میں کار چلا رہے تھے، واقعے کے بعد دونوں افراد فرار ہوگئے۔

پولیس نے کار تحویل میں لے کر واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

واقعے کا مقدمہ درج

دوسری جانب شاہراہ نور جہاں پولیس نے کراچی میں ناگن چورنگی کے قریب گاڑی سے فٹ پاتھ پر سوئے افراد کو روندنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

مقدمہ ہلاک شدگان کے قریبی عزیز کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق، رات گئے میرے رشتہ دار فٹ پاتھ پر سو رہے تھے، ڈرائیور نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فٹ پاتھ پر سوئے افراد کو روند ڈالا، واقعہ میں بھائی بہن ہلاک اور 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کار ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔

karachi

Road Accident