Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور قلندرز کی چھٹی شکست، ملتان سلطانز کی فتح میں عثمان خان کا اہم کردار

ملتان سلطانز کےعثمان خان کے 55 گیندوں پر 96 رنز ، اسامہ میر کے 6 شکار
شائع 27 فروری 2024 11:02pm
فوٹو ۔۔ پی ایس ایل
فوٹو ۔۔ پی ایس ایل

پی ایس ایل 9 کے 14ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 60 رنز سے شکست دیدی۔ ملتان کے عثمان خان نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 96 رنز بنائے جب کہ اسامہ میر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 4 وکٹوں پر 214 رنز اسکور کیے۔

سلطانز کے بلے بازوں نے پُراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا، عثمان خان نے تیز بیٹنگ کرتے ہوئے ففٹی بنائی۔ جب کہ افتخار احمد نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے عثمان خان کا ساتھ دیا۔

عثمان خان صرف 4 رنز سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور آخری اوور میں نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر آوٹ ہوگئے۔ انھوں نے 55 گیندوں پر 96 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔

افتخار احمد نے 3 چھکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 40 رنز اسکور کیے۔

اس کے علاوہ ملتان کے ریزاہینڈرکس 40 اور طیب طاہر 21 رنز بناکر نمایاں رہے۔

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ سکندررضا اور کارلوس بریتھ ویٹ نےایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

215 رنز ہدف کے تعاقب میں لاہورقلندرز کی پوری ٹیم 17 اوورز میں 154رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دفاعی چیمپئن لاہورقلندرز کی 60 رنز سے شکست ٹورنامنٹ میں یہ ان کی مسلسل چھٹی شکست ہے۔

لاہور قلندرز کا کوئی کھلاڑی اسپنر اسامہ میر کے سامنے ٹھہر نہ سکا اور تو چل میں آیا کی پالیسی پر کاربند رہتے ہوئے وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

لاہور کی جانب سے صاحبزادہ فرحان31 ، وین ڈرڈوسن 30 اور فخر زمان 23 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔

ملتان سلطانز کے اسامہ میر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ اس میچ سے قبل لاہور قلندرز کو مسلسل پانچ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یہ مسلسل چھٹی شکست تھی جبکہ ملتان سلطانز نے پانچ میں چار میچز میں کامیابی حاصل کر رکھی تھی اور اب انھیں پانچویں کامیابی بھی مل گئی۔

PSL

Multan Sultans

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

HBL PSL 9