فراڈ پر شاہد آفریدی کے خلاف درج مبینہ مقدمے پر راولپنڈی پولیس کی وضاحت
راولپنڈی پولیس نے سوشل میڈیا پر سابق قومی کرکٹر شاہد آفریدی کے خلاف درج مقدمے کی تردید کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی افواہوں کے مطابق عابد بن عبدالقدوس نامی شہری نے شاہد آفریدی سمیت 10 افراد پر فراڈ کا مقدمہ تھانہ روات میں درج کروایا ہے۔
مقدمے میں کہا گیا کہ شاہد آفریدی نے ایک پراپرٹی فراڈ کی تشہیر کی، جس پر مدعی نے سرمایہ کاری کی اور اس کے پیسے ڈوب گئے۔
تاہم اس حوالے سے راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ بیان کردہ اطلاعات قطعی بے بنیاد اور حقائق کے برخلاف ہیں، راولپنڈی میں شاہد آفریدی کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ روات میں معزز عدالت کے حکم پر شہری عابد بن عبدالقدوس کی درخواست پر پراپرٹی کے فراڈ کے حوالہ سے چند نامزد ملزمان کا خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جس کے متن میں میڈیا ایڈورٹائزمنٹ کا حوالہ ہے، شاہد آفریدی کا مذکورہ مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ راولپنڈی پولیس سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی بے بنیاد خبروں کی تردید کرتی ہے۔
Comments are closed on this story.