Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’خود کشی کرنے کا سوچ لیا تھا‘ ،آئمہ بیگ نے شہباز شگری سے منگنی توڑنے کی وجہ بتادی

منگنی ٹوٹنے پر صرف مجھے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا
شائع 26 فروری 2024 12:48pm

پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے شہباز شگری سے علیحدگی کااعلان کرتے وقت مداحوں کو اس فیصلے کی وجوہات نہیں بتائی تھیں، تاہم اب انہوں نے اس موضوع پر کھل کر بات کی ہے۔

گلوکارہ نے حال ہی میں مشہور کامیڈین احمد بٹ کے پوڈ کاسٹ “ایکسکیوزمی “ میں بطور مہمان شرکت کی اور اپنی منگنی ٹوٹنے کی وجہ شیئر کی ۔

گلوکارہ اپنی منگنی کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں، انہوں نے بتایا کہ، ’میرے اور شہباز کے درمیان بہت سے معاملات چل رہے تھے۔ میں اس وقت ان کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتی۔ شادی دو لوگوں نہیں بلکہ دو خاندانوں کے ملاپ کا نام ہے۔‘

تاہم آئمہ نے واضح کیا کہ منگنی ٹوٹنے کی وجہ ہمارے خاندان نہیں ہیں،اصل ایشو ہمارے درمیان تھا۔ ویسے تو ایک دوسرے سے تعلق توڑنا ہم دونوں کا باہمی فیصلہ تھا، تاہم منگنی توڑنے کا فیصلہ میرا تھا۔ میرا خیال تھا کہ ہم دونوں مزید ساتھ نہیں چل سکیں گے مگر میرے اس فیصلے کو غلط روپ دیا گیا۔’

آئمہ بیگ نے اس خبر کے بعد عوامی ری ایکشن اور تنازعات پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ “ جب میں نے اپنے بریک اپ کا اعلان کیا تو سوشل میڈیا پرمجھے بڑی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا اور دوسرے کردار شہباز کو کسی نے کچھ نہیں کہا “

اس کٹھن وقت میں اپنی فیملی سپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ، ’میری فیملی نے میرے لیے ایک سپورٹ سسٹم کے طور پر کام کیا۔ میرے بھائی اور بہن مجھ سے سوشل میڈیا ٹرولنگ کو چھپاتے رہے لیکن میں جانتی تھی کہ کیا چل رہا ہے۔ ٹرولنگ میں صرف مجھے نہیں بلکہ میری فیملی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔

گلوکارہ نے مزید بتایا کہ، ’جب یہ سب کچھ چل رہا تھا تو میں نے دلبرداشتہ ہو کرخود کشی کرنے کا بھی سوچا لیا تھا۔‘

آئمہ بیگ نے کئی سپرہٹ گانے انڈسٹری کو دیے ہیں اور کئی ڈراموں کے ٹائٹل سونگ بھی گا چکی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے پی ایس ایل سیزن 9 کے ترانے میں علی ظفر کے ساتھ آواز کا جادو جگایا۔

واضح رہے کہ آئمہ بیگ اور شہباز شگری نے جولائی 2021 میں دارالحکومت اسلام آباد میں اہل خانہ، دوستوں اور شوبز شخصیات کی موجودگی میں منگنی کی تھی، جس کے ٹوٹنے کا اعلان گلوکارہ نے ستمبر 2022 میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے کیا۔

Pakistani Singer

Aima Baig

شخصیات

showbiz celebrities

Pakistani celebrity