راولپنڈی پولیس باز نہ آئی، ایک اور شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل
راولپنڈی پولیس کے اہلکاروں کا شہریوں پر تشدد کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ٹیکسلا، وارث خان اور صادق آباد کے بعد چوکی رتہ امرال میں بھی شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
لواحقین کے مطابق متاثرہ نوجوان پر رات بھر تھانے میں تشدد کیا گیا اور صبح پیسے لے کر نوجوان کو چھوڑ دیا گیا۔
پولیس اہلکاروں کے تشدد کا نشانہ بننے والے شہری نے بتایا کہ مجھے کل پولیس اہلکاروں نے تھانے کے باہر سے زبردستی اٹھایا، تھانہ رتہ امرال کے 7 پولیس اہلکاروں نے مجھے تشدد پائپ اور جوتوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔
شہری کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کرتے رہے اور 50 ہزار روپے لیے، ہم غریب لوگ ہیں، بائیکیا چلا کر گزر بسر کرتا ہوں۔
شہری نے ہاتھ جوڑ کر دہائی دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے تشدد کر کے سخت زیادتی کی ہے، مجھے انصاف دیا جائے، سی پی او اور آر پی او راولپنڈی انصاف فراہم کریں۔
گزشتہ روز بھی ٹیکسلا میں ایک پولیس اہلکار نے بزرگ خاتون کو زوردار تھپڑ مارا تھا اور دھکا دے کر زمین پر گرادیا تھا۔
سی پی او راولپنڈی نے خاتون کے ساتھ ناروا سلوک کا نوٹس لے کر اے ایس آئی امتیاز ناصر کو پہلے معطل کیا پھر مریم نواز کے نوٹس لینے کے بعد اہلکار کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔
Comments are closed on this story.