Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

صدر نے اجلاس نہ بلایا تو اسپیکر خود نومنتخب قومی اسمبلی کا اجلاس بلا سکتا ہے، اسحاق ڈار

آئینی 21 دن کی مہلت کے حساب سے 29 فروری آخری تاریخ بنتی ہے، اسحاق ڈار
اپ ڈیٹ 25 فروری 2024 07:33pm
If President did not call meeting, Ishaq Dar’s important statement - Aaj News

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ صدر نے اجلاس نہ بلایا تو اسپیکر خود نومنتخب قومی اسمبلی کا اجلاس بلا سکتا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ 29 فروری کو اسپیکر آئینی طور پر خود اجلاس بلا سکتا ہے، آئین میں واضح ہے کہ 21ویں روز اسپیکر کو اجلاس بلانے کا اختیار ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ آئینی 21 دن کی مہلت کے حساب سے 29 فروری آخری تاریخ بنتی ہے۔

احتجاج کے دوران سندھ اسمبلی کے نومنتخب ارکان کی حلف برداری، سات رکنی کابینہ منگل کو حلف اٹھائے گی

انہوں نے کہا کہ صوبوں میں بھی اگر گورنر اجلاس نہیں بلاتا تو وہاں بھی یہی اصول لاگو ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت کیسے درست ہوگی ایسے فلور پر یہ نہیں ڈسکس کر سکتا۔

اس حوالے سے ن لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت اپنے حلف کی پاسداری نہیں کرسکے، حیران ہوں کہ صدر مملکت قومی اسمبلی اجلاس پر فیصلہ نہ کرسکے اور اجلاس بلانے سے گریزاں ہیں۔

خیال تھا 27 فروری کو قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس ہوگا، ایاز صادق

مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے بھی میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبے جلد مکمل ہوجائیں گے، مسلم لیگ ن پاکستان میں خدمت کی سیاست کرے گی، ہم ثابت کریں گے کہ خدمت سے ہی ووٹ ملتا ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ شہباز شریف مسلم لیگ ن کے وزیراعظم کے امیدوار ہیں، مریم نواز کل وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال تھا 27 فروری کو قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس ہوگا، وزارت پارلیمانی امور نے 21 فروری کو اجلاس کی سمری بھجوائی۔

ہم اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، عظمیٰ بخاری

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کل وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوگا، توقع ہے مخالفین مسلم لیگ ن کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں گے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہم اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں مسلم لیگ ن بڑی جماعت تھی، 2018 میں ہماری حکومت نہیں بننے دی گئی، تمام تر تحفظات کے باوجود ہم اپوزیشن میں بیٹھے، 2018 میں اقلیت کو اکثریت پر فوقیت دی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کل پنجاب کی تاریخ کا اہم دن ہے، ہم نے اپنے رہنماؤں کی ہار تسلیم کی، اپوزیشن بھی ہار تسلیم کرے، ہم کسی سے انتقام نہیں لینا چاہتے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے غرور اور تکبر کو پنجاب اسمبلی نے بھگتا ہے۔

عہدے کا غلط استعمال تاریخ کا حصہ رہے گا، شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری کا کہنا ہے کہ صدر قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر اختیار کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں، صدر پر لازم ہے کہ وزیراعظم کی سمری پر اجلاس طلب کریں۔

شازیہ مری نے کہا کہ صدر ایک شخص کی وفاداری کے بجائے آئین کی پاسداری کریں اور ماضی کی طرح آئین سے کھیلنے سے گریز کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر کی ہر آئین شکنی اور عہدے کا غلط استعمال تاریخ کا حصہ رہے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات مکمل ہوچکےہیں، اب صدر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔

Ishaq Dar

National Assembly