Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

فلم بارہویں فیل کے اصل کردار کو کوئی معاوضہ نہ ملنے کا انکشاف

نئی نسل کا متاثر ہوکر کچھ کر گزرنے کی تحریک پانا ہی اصل کمائی ہے، منوج کمار کا انٹرویو
شائع 25 فروری 2024 09:07am

بالی وڈ کی سپرہٹ فلم ’بارہویں فیل‘ جس شخصیت سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے اُس نے بتایا ہے کہ اس فلم کے ذریعے اس نے کوئی مالی فائدہ حاصل نہیں کیا۔

منوج کمار شرما نے انڈین پولیس سروس کا افسر بننے کے لیے جو جدوجہد کی اُسے ایک کتاب کی شکل میں پیش کیا۔ اس کتاب سے متاثر ہوکر بالی وڈ کے معروف فلم میکر ودھو ونود چوپڑا نے ’بارہویں‘ فیل بنائی جو سپرہٹ رہی۔

منوج کمار شرما کا کہنا ہے کہ وہ بھی کسی سے کوئی مالی فائدہ نہیں اٹھاتے اور نہ تحائف لیتے ہیں اور ان کی اہلیہ بھی اسی مزاج کی ہیں۔

منوج کمار نے آئیڈیاز آف انڈیا سمٹ کے دوران ایک انٹرویو میں بتایا کہ ہماری زندگی میں سادگی ہے۔ ہم پیدائش اور شادی کی سالگرہ پر بھی ایک دوسرے کو تحائف نہیں دیتے بلکہ صرف محبت نامے لکھتے ہیں۔

ایسا نہیں ہے کہ منوج کمار شرما کو ’بارہویں فیل‘ سے کچھ بھی نہیں ملا۔ وہ بتاتے ہیں کہ ملک بھر میں لوگ اُنہیں پہچانتے ہیں۔ نئی نسل اُن سے بہت متاثر ہے اور اُنہیں خطوط لکھتی ہے۔

ایک نوجوان نے لکھا کہ اُس کے والد اپنی جدوجہد کے بارے میں بتایا کرتے تھے مگر وہ متوجہ ہی نہیں ہوتا تھا۔ یہ فلم دیکھنے کے بعد اس نوجوان نے اپنے والد کو گلے لگالیا اور اُنہیں ان کی جدوجہد پر مبارک باد پیش کی۔

منوج کمار شرما کہتے ہیں کہ نئی نسل کو اِس فلم کے ذریعے کچھ بننے، کچھ کرنے کی تحریک ملی ہے۔ بس یہی اس فلم سے ہونے والی سب سے بڑی کمائی ہے۔

BAARHWEEN FAIL

MANOJ KUMAR SHARMA

VIDHU VINOD CHOPRA

SUPERHIT

MODESTY

AUSTERITY